آٹھ اکتوبر زلزلہ کو 19سال مکمل، شہدا کیلئے آج دعائیہ تقریبات

آٹھ اکتوبر زلزلہ کو 19سال مکمل، شہدا کیلئے آج دعائیہ تقریبات

اسلام آباد/مظفرآباد (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، آئی این پی) 8 اکتوبر 2005 کے قیامت خیز زلزلے کے شہداکی 19 ویں برسی آج منائی جائے گی۔۔۔

 آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام ڈویژنز اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقریبات کا اہتمام اور شہداکے سوگ ایک منٹ خاموشی اختیار کی جائے گی، پاکستان میں شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ یاد رہے پاکستان کے بالائی علاقوں میں 7.6شدت کے ہولناک زلزلے میں تقریباً 70ہزار افراد جاں بحق ہوگئے تھے ۔ صدر مملکت آصف زرداری نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا 8 اکتوبر 2005 کے تباہ کن زلزلے اور قیمتی جانی نقصان کی یادمیں قومی استقامت کا دن منا رہے ہیں۔ اس تباہی کے دوران قوم نے بے مثال استقامت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا اور متاثرین کی دل کھول کر مدد کی۔ گراں قدر تعاون پر عالمی برادری اور فلاحی تنظیموں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے قدرتی آفات کے حوالے سے برداشت کے قومی دن ‘8اکتوبر 2024’ کے موقع پر پیغام میں کہا آج کا دن 8اکتوبر 2005کے سانحہ کی یاد دلاتا ہے جو پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر پر آیا تھا۔ ہماری دلی دعائیں ان تمام لوگوں کیلئے ہیں جنہوں نے اس زلزلے میں جان و مال کا نقصان اٹھایا۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا زلزلہ کے موقع پر قوم نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں