ایم ڈی کیٹ نتائج کی لسٹ جاری کرنے سے روکدیاگیا

ایم ڈی کیٹ نتائج کی لسٹ جاری کرنے سے روکدیاگیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کی لسٹ جاری کرنے سے روک دیا۔ جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ایم ڈی کیٹ کے نتائج میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

چیف سیکریٹری  سندھ، جامعات کے وائس چانسلرز اور دیگر فریقین عدالت میں پیش ہوئے ۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیئے کہ کتنے بچے ایسے ہیں جن کے مارکس 195 سے زیادہ ہیں، یہاں ہم سندھ کے بچوں کے رزلٹ کا پنجاب اور کے پی کے بچوں سے موازنہ کرنا چاہتے ہیں۔ جسٹس امجد سہتو نے ریمارکس دیئے کہ پی ایم ڈی سی کا اس حوالے سے معاملہ ختم ہوگیا کہ پیپر لیک ہوا یا نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ اگر امتحان میں کوئی خامی ہے تو یہ بھی بتایا جائے ، 187 مارکس حاصل کرنے والے بچوں کی تعداد 1100سے زیادہ تھی۔ چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ نے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب کے طلبہ کے نمبرز کی تفصیلات آجائیں تو سندھ سے میچ کیا جائیگا۔ جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیئے کہ اگر پیپر کسی ایک سینٹر کا لیک ہوا تو اس ڈویژن کا پیپر روکا جائے پورے سندھ کے نہیں۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیئے کہ سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے 190 پلس والے طلبہ کہاں جائینگے ، پنجاب میں 58 ہزار، کے پی میں 42 ہزار اور سندھ میں 38 ہزار طلبہ نے امتحان دیا ہے ۔ وائس چانسلر نے بتایا کہ محکمہ صحت نے ایک کمیٹی بنائی جس میں لگائے گئے الزامات کا ثبوت نہیں ملا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کہیں نہ کہیں پر یہ چیز ضرور ہوئی اس لیے الزامات لگتے ہیں۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا یہ چیزیں غلط چلا رہا ہے اور وہ بلیک میلنگ کررہے ہیں باقی انتظامیہ دودھ کی دھلی ہوئی ہے ۔ پیپر لیک ہونے والی بات ٹھیک ہے یا نہیں۔ آپ کہتے ہیں میرا گھر مجھے بنانے دیں میں اچھا بناؤنگا۔ سیکریٹری صحت ریحان بلوچ نے کہا کہ محکمہ صحت کا رول یہ تھا کہ کریکیولم میں تبدیلی کریں، مجھے بھی 12 بجے میسج آئے ۔ جسٹس صلاح الدین پنہور نے ریمارکس دیئے کہ جب شکایتیں آئیں تو آپ نے پیپر منگواتے ، کسی ادارے نے زحمت نہ کی پیپر لیک ہوا کہ کینسل کریں۔ اس معاملے پر جو کام کیا ہے وہ سیکریٹری صحت نے بھی نہیں کیا۔ محکمہ صحت اور پی ایم ڈی سی مکمل ملے ہوئے ہیں، ہمارے پاس کیس آیا ہے انصاف تو کرنا ہے ۔ سندھ ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ کے نتائج کی لسٹ جاری کرنے سے روک دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں