اسٹاک ایکسچینج:انڈیکس 86ہزار کی بلندسطح چھوکرواپس

اسٹاک ایکسچینج:انڈیکس 86ہزار کی بلندسطح چھوکرواپس

کراچی (آن لائن)اسٹاک مارکیٹ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار بلند ترین سطح کو چھونے کا ریکارڈ قائم کردیا۔

بدھ کو100 انڈیکس پہلی بار 86400 پوائنٹس کی بلند سطح کو چھونے کے بعد 85600 پوائنٹس پر بند ہوا ،محدود پیمانے پر تیزی سے مارکیٹ سرمائے میں 2ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 51.75 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کا آغاز تیزی کے ساتھ ہوا ،ایک موقع پر انڈیکس 787 پوائنٹس کے اضافے سے 86400 پوائنٹس کی بلند سطح پر جاپہنچا، بعدازاں انڈیکس یہ سطح برقرارنہ رکھ سکا۔ماہرین کے مطابق آئی پی پیز کیساتھ حکومتی معاہدہ ختم ہونے پر مختلف قیا س آرائیوں کے باعث فروخت کا دباؤ دیکھا گیا تاہم پاک چین اقتصادی راہداری پر نظر ثانی ہونے، اسلام آباد میں شنگھائی اجلاس اور شرح سود میں متوقع کمی جیسے عوامل نے مارکیٹ کو تیزی کی جانب گامزن رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ۔کاروبار کے اختتام پر  100 انڈیکس 5.30پوائنٹس بڑھ کر 85669 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح آل شیئرز انڈیکس 54485 پوائنٹس سے بڑھ کر54616پوائنٹس پر جا پہنچا ۔سرمایہ 111 کھرب 74 ارب روپے ہو گیا ۔ بدھ کو 31ارب روپے مالیت کے 59 کروڑ 60 لاکھ 52 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔ مجموعی طور پر 313کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 162کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،145میں کمی اور6میں استحکام رہا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں