سابق اسپیکر، بزرگ سیاستدان الٰہی بخش سومرو انتقال کر گئے
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق سپیکر قومی اسمبلی اور سینئر سیاستدان الٰہی بخش سومرو انتقال کرگئے۔ خاندانی ذرائع نے وفات کی تصدیق کی ہے۔
الٰہی بخش سومرو 1926 میں ضلع جیکب آباد میں پیدا ہوئے ۔ ان کا تعلق شکار پور میں آباد سومرو خاندان سے تھا، جس نے سندھ میں سالہا سال حکومت کی۔مرحوم مولا بخش سومرو کے فرزند اور احمد میاں سومرو کے بھائی تھے اور پیشے کے اعتبار سے انجینئر تھے ۔الٰہی بخش سومرو جنرل ضیا الحق کے دور میں حکومت میں پہلی مرتبہ وفاقی وزیر بنے ، 1985ء میں بلا مقابلہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔مرحوم 1997 سے 2001 تک قومی اسمبلی کے اسپیکر رہے ۔29 مئی 1988ء کو جنرل ضیا الحق نے جب محمد خان جونیجو کو برطرف کیا اور نگران کابینہ تشکیل دی تو اس میں الٰہی بخش سومرو وزیر اطلاعات و نشریات مقرر ہوئے ۔ الٰہی بخش سومرو کی عمر 98 برس بتائی جا رہی ہے ۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ آج (جمعرات کو) ایک بجے کراچی میں ادا کی جائے گی اور تدفین آبائی علاقے احمد میاں سومرو میں ہوگی۔