ایم ڈی کیٹ ختم،بین الاقوامی طرز کا آئی ٹی نظام لانیکی ہدایت:ہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی کو حتمی فہرست سے روک دیا

ایم ڈی کیٹ ختم،بین الاقوامی طرز کا آئی ٹی نظام لانیکی ہدایت:ہائیکورٹ نے پی ایم ڈی سی کو حتمی فہرست سے روک دیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،اپنے رپورٹرسے ،اپنے نامہ نگارسے )میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں داخلے کیلئے امتحان میں بے ضابطگیوں کی شکایات پر وفاقی وزارت صحت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو ایم ڈی کیٹ ختم کرنے کی ہدایت کر دی۔

جبکہ اسلام آبادہائیکورٹ نے میڈیکل طلباء کے داخلہ کیلئے پی ایم ڈی سی کو حتمی میرٹ لسٹ جاری کرنے سے روک دیاہے ،سینیٹ قائمہ کمیٹی صحت نے بھی ایم ڈی کیٹ میں بے ضابطگیوں پر تحفظات کا اظہار کیاہے ،وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ملک مختار نے اگلے سال سے ایم ڈی کیٹ کی جگہ بین الاقوامی طرز کا آئی ٹی پر مبنی نظام لانے کی ہدایت کی ہے ،ڈاکٹر ملک مختارکا کہنا ہے کہ طاقتور مافیا کئی برس سے ایم ڈی کیٹ امتحان پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہے ، امتحان کی تیاری کرانے والی اکیڈمیز بھی اربوں روپے کا بزنس کرتی ہیں اوریہ اکیڈمیز ایم ڈی کیٹ پر اثر انداز ہوتی ہیں،سینیٹ قائمہ کمیٹی کوبریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹرمختارنے بتایاکہ انٹیلی جنس بیورو کے مطابق اس دفعہ ایم ڈی کیٹ پیپر لیک کا کوئی ثبوت نہیں ہے ،چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی عامر چشتی نے ایم ڈی کیٹ ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ایم ڈی کیٹ کی جگہ امریکی SAT یا کیمرج طرز کا آن لائن نظام متعارف کرائیں،پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما)نے وفاقی وزارت صحت کی جانب سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ ختم کرنے اور آئی ٹی پر مبنی نئے سسٹم کے قیام کی سفارش کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت قدم اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے ،ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہرنے میڈیکل طلباء کے داخلہ کیلئے پی ایم ڈی سی کو حتمی میرٹ لسٹ جاری کرنے سے روک دیاہے ،گزشتہ روز دوران سماعت درخواستگزاران طلبا کی جانب سے عادل عزیز قاضی ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ ٹیسٹ میں پوچھے گئے 200 سوالات میں سے 30 سوالات غلط تھے ، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے انہی نتائج کی بیناد پر میڈیکل کالجز میں داخلے ہونگے ، استدعا ہے کہ میڈیکل کالجز کو داخلوں کی مزید کارروائی بڑھانے سے روکا جائے ،عدالت نے پی ایم ڈی سی سمیت دیگر فریقین کوجواب کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی کو حتمی میرٹ لسٹ جاری کرنے سے روک دیا اور سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں