بلوچستان:حملے میں21مزدوروں کی موت،دکی میں ہڑتال

بلوچستان:حملے میں21مزدوروں کی موت،دکی میں ہڑتال

کوئٹہ ، اسلام آباد، دکی (دنیا نیوز،نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں )بلوچستان کے ضلع دکی میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں کے کوئلہ کان پر حملہ کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی ، مزدور تنظیموں نے لاشیں شہر کے مرکز باچا خان چوک پر رکھ کر احتجاج کیا۔

 صوبائی وزرا میر شعیب نوشیروانی، نور محمد دمڑ، حاجی محمد خان طوراتماخیل ، سردار مسعود خان لونی سردار غلام رسول عمرانی نے دہشتگردی کا نشانہ بننے والے مزدوروں کے ورثا اور احتجاج کنندگان سے مذاکرات کئے ۔ دونوں فریقین کے مابین مذاکرات میں دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا اور طے پایا کہ صوبائی حکومت شہداء کے ورثاء کو فی کس 15 لاکھ روپے ادا کرے گی ۔شدید زخمی کو 5 لاکھ اور معمولی زخمی کو 2 لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔حکومتی وزراء اور احتجاج کنندگان میں مذاکرات کی کامیابی کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا اور ورثاء لاشوں کی تدفین کے لئے روانہ ہوگئے ۔قبل ازیں شہداء کے لئے تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کی گء ۔ ہلاکتوں کی تعداد 21ہوگئی ۔ایس پی دکی آصف شفیع کے مطابق حملے کے وقت زیادہ تر کان کن رات کو کان سے باہر نکل کر اپنے کچے کمروں میں سو رہے تھے ۔حملہ آوروں نے ٹولیوں کی شکل میں مختلف رہائشی کوارٹرز میں جاکر مزدوروں کو اندھا دھند گولیوں کا نشانہ بنایا۔

کوئلہ کانوں کی سکیورٹی پر مامور نجی محافظوں نے کچھ دیر مزاحمت کی لیکن حملہ آوروں کے پاس جدید اسلحہ، راکٹ اور دستی بم تھے جس کی وجہ سے وہ غالب آ گئے ۔ فائرنگ اور دھماکوں کا یہ سلسلہ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا جس میں 20کان کن ، ایک نجی سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ 6افراد زخمی ہوگئے ۔ مقتولین میں تین افرادعبدالولی، غلام علی، حیات اللہ کا تعلق افغانستان سے تھا جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں سے تھا ۔ 4 شدید زخمیوں کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے ٹراما سنٹر میں منتقل کردیا گیا ۔ڈسٹرکٹ کونسل دکی کے چیئرمین حاجی خیر اللہ ناصر جو کوئلہ کان کے مالک بھی ہیں کا کہنا تھا کہ مزدوروں کی لاشوں اور زخمیوں کو بھی انہوں نے خود جاکر ہسپتال پہنچایا۔ دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع دکی کے علاقے میں کان کنوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ،واقعہ میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور رنج کا اظہار کیا،وزیراعظم نے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جبکہ واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دکی میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے شدید اظہار برہمی کیا اور دہشت گردوں کے خلاف فوری و مؤثر کارروائی کا حکم دیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں