فیک ویڈیو، ایف آئی اے کو تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت

فیک ویڈیو، ایف آئی اے کو تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت

لاہور (عدالتی رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کے خلاف کیس کی سماعت ،عدالت نے ایف آئی اے کو تفتیش جاری رکھنے کی ہدایت کردی ،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر ایکس کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عظمیٰ بخاری کی فیک ویڈیو کے خلاف کیس پر سماعت کی ،دوران سماعت ڈی جی ایف آئی اے اور تفتیشی افسران پیش ہوئے ، عدالتی استفسار پر وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ فیک ویڈیو کیس کی تحقیقات میں تیزی ہے ابتک چار ملزموں کو اشتہاری قرار دے کر انکے اثاثے منجمد کیے ہیں ، فلک جاوید کے شوہر شکیل ریاض وسن پورہ میں سم فرنچائز کے مالک ہیں جہاں سے ایک موبائل کی ای ایم آئی پر 500 سے زائد سمز چل رہی ہیں اس حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اب ایف آئی اے نے درست سمت میں تفتیش شروع کی ہے جسے جاری رکھا اور رپورٹ جمع کرائی جائے جبکہ آئندہ سماعت پر ایکس کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیں گے ۔عدالت میں عظمیٰ بخاری نے پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیک سمز کا استعمال کر کے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ بنائے جاتے ہیں اور پراپیگنڈا کیا جاتا ہے ،انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ کو کہا کہ ہمارے ساتھ بیٹھ کر احتجاج کریں، یہ لوگ سسرال کے خلاف احتجاج نہیں کر سکتے ، کیس پورے پاکستان میں ہوتا ہے وہ جاتا صرف پشاور ہائیکورٹ میں ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں