15اکتوبرکو اسلام آباد میں احتجاج:پی ٹی آئی :سازش کامیاب نہیں ہوگی:وزرا

15اکتوبرکو اسلام آباد میں احتجاج:پی ٹی آئی :سازش کامیاب نہیں ہوگی:وزرا

اسلام آباد(خصو صی نیوز رپورٹر ، دنیا نیوز ، مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ایک بار پھر 15 اکتوبر پر ڈی چوک پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے شرکت نہیں کی۔

اجلاس کے بعد سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس کے لیے مرکزی کمیٹی سے لے کر علاقائی سطح تک تمام تنظیمی ذمہ داران اور ونگز کو تیاریوں کی ہدایت کردی گئی ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں ہونے والا احتجاج منسوخ کردیا گیا ہے ، جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ مینڈیٹ چور اور آئین و قانون سے بیزار ناجائز حکمران ظلم اور سفّاکیت ترک کرنے پر کسی طور آمادہ نظر نہیں آرہے ، اڈیالہ میں ناحق قید بانی چیئرمین تحریک انصاف کو بطورِ خاص بربریت کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی، صحت اور سلامتی کو جان بوجھ کر سنگین خطرات سے دوچار کرنے کیلئے ان کے تمام بنیادی و انسانی حقوق سلب کیے گئے ہیں۔ادھر وفاقی وزرا کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی ملک کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہوگی ،شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس اپنے مقررہ وقت پر ہوگی ۔میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات نشریات عطااﷲ تارڑ نے کہا ہے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے لئے انتظامات مکمل ہیں، قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے الرٹ ہیں، کسی کے احتجاج کے اعلان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سازشی ذہنیت رکھنے والے گھر بیٹھ کر سکون کریں، شرپسند عناصر کو کسی قسم کا رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ مشیر وزیراعظم اور رہنما مسلم لیگ (ن)رانا ثنا اللہ نے کہا ہے پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ملک دشمن جماعت ہے ، احتجاج کا اعلان پاکستان کے خلاف ہے ۔ سپریم کورٹ کے ججوں نے کہا تھا پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے ، یہ فیصلہ انکے منہ پرطمانچہ ہے ، احتجاج کا فیصلہ ملک د شمنی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں