نیب ترامیم کیس :جسٹس حسن اظہر رضوی کااضافی نوٹ جاری

نیب ترامیم کیس :جسٹس حسن اظہر رضوی کااضافی نوٹ جاری

اسلام آباد (آئی این پی )نیب ترامیم کیس میں 22 صفحات پرمشتمل جسٹس حسن اظہررضوی کا اضافی نوٹ جاری کردیا گیا۔جسٹس حسن اظہر نے اضافی نوٹ میں لکھاکہ اکثریتی فیصلے میں اصل مدعے پرخاطرخواہ جوازفراہم نہیں کیا گیا۔

فیصلے میں سابق ججزکے حوالے  سے غیر مناسب ریمارکس دئیے گئے ، عدالتی وقارکا تقاضا ہے کہ اختلاف تہذیب کے دائرہ میں رہ کرکیا جائے ، فیصلے سے متفق ہوں مگر وجوہات کی توثیق پر خود کو قائل نہیں کرسکا، تنقید کا محورفیصلے کے قانونی اصول ہونے چاہئیں نہ کہ فیصلہ لکھنے والوں کی تضحیک کی جائے ۔ تہذیب وعدالتی وقار کو مدنظررکھتے ہوئے فیصلے کی اپنی الگ وجوہات تحریر کر رہا ہوں، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت انٹرا کورٹ اپیل روایتی اپیلوں سے منفرد نوعیت کی ہے ۔ سپریم کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل اپنے ہی فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینے کیلئے ہے ، انٹرا کورٹ اپیل کسی ماتحت عدالت کے فیصلے کیخلاف نہیں ہوتی، انٹرا کورٹ اپیل سننے والے بینچ کو مقدمے کے حقائق کو متاثر نہیں کرنا چاہیے ۔ واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ انٹرا کورٹ اپیلیں منظور ہو گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں