’’بالی جٹ‘‘ کے ہیرو کی فائرنگ ، بھا ئی اور بھتیجی قتل
راہوالی (نامہ نگار) گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں بدوکی گوسائیاں میں نوجوان نے نشہ کرنے سے منع کرنے پر 50سالہ بڑے بھائی اور شادی شدہ بھتیجی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔ دونوں کی موت کی تصدیق کرنے کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ملزم شرافت علی عرف بالی جٹ نے دو شادیاں کر رکھی ہیں اور اپنی رہائش گاؤں سے گوجرانوالہ تبدیل کی ہوئی ہے ، کافی عرصہ قبل اس نے پنجابی فلم بالی جٹ بنائی ہدایتکار اور ہیرو بھی خود تھا، پراپرٹی کا کاروبار کرتا تھا اور نشہ کی لت میں مبتلا ہوگیا ،ملزم کے بڑے بھائی لیاقت علی گوندل نے نشہ چھڑانے کیلئے ملزم کو ہسپتال میں داخل کروایا جس کا اسے رنج تھا ۔وقوعہ کے روز وہ بڑے بھائی 50سالہ لیاقت علی گوندل کے گھر آیا اور معمولی تلخ کلامی کرتے ہوئے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا مقتول کی بیٹی صبا جو اپنے سسرال سے والد کے گھر آئی ہوئی تھی نے چچا کے پاؤں میں گر کر والد کو بچانے کیلئے منت کرنے لگی تو ملزم نے اسے بھی فائر نگ کر کے قتل کردیا ،مقتولہ صبا حاملہ بتائی جاتی ہے ، ایس ایس پی آپریشن نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سول لائن سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس کی سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم جاری کردیا ۔