ایک ماہ کیلئے بجلی 70 پیسے یونٹ سستی، درخواست پر فیصلہ محفوظ

ایک ماہ کیلئے بجلی 70 پیسے یونٹ  سستی، درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد(نامہ نگار) ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت 70 پیسے فی یونٹ کم ہو گی۔ نیپرا نے ماہ ستمبر کے ایف سی اے کی مد میں درخواست پر سماعت مکمل کر کے فیصلہ محفوظ کر لیا ۔

 نیپرا قیمتوں میں کمی سے متعلق حتمی نوٹیفکیشن بعد میں جاری کرے گی۔ درخواست پر سماعت چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں ہوئی ۔ سماعت کے د وران حکام نے بتایاکہ ستمبر کے ایف سی اے میں ماہانہ 10 فیصد اور سالانہ چھ فیصد کمی بنتی ہے ۔ سی پی پی اے حکام نے کہاکہ ستمبر میں یومیہ زیادہ سے زیادہ 17 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار رہی اور بجلی کی کم سے کم پیداوار 13 ہزار میگاواٹ رہی،ستمبر میں ہائیڈل، نیوکلیئر اور رینیو ایبل انرجی کی پیداوار زیادہ رہی۔حکام نے بتایاکہ ستمبر میں ہائیڈل سے زیادہ سے زیادہ پیداوار یومیہ 8 ہزار میگاواٹ جبکہ نیوکلیئر سے 3 ہزار، ری نیوایبل سے 500 میگاواٹ پیداوار رہی۔سماعت کے د وران شہری نے سوال کیاکہ پانچ سو ارب روپے کا منصوبہ بند پڑا ہے ، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی مرمت کی لاگت اڑھائی سو ارب ہے ۔ سنا ہے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ مکمل بند کیا جا رہا ہے جس پر چیئرمین نیپرا نے کہاکہ وزیراعظم نے اس معاملے پر کمیٹی بنا دی ہے وہ تحقیقات کر رہی ہے ،مرمت کی لاگت تاحال فائنل نہیں ہوئی،ایک دفعہ انکوائری ہو جائے پھر اس پر بات کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں