مہنگائی 44 ماہ کی کم ترین سطح 6.9 فیصد پرآگئی :وزارت خزانہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں ) ملک بھر میں مہنگائی 44 ماہ کی کم ترین سطح 6.9 فیصد پرآگئی ۔زرمبادلہ ذخائر ،ٹیکس ریونیو، مالی خسارہ میں اضافہ ہوا۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آوٹ لک رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق ترسیلات زر، برآمدات، درآمدات بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 92.1 فیصد کی کمی ہوئی، جولائی تا ستمبر ایف بی آر محصولات میں 25.5 فیصد اور نان ٹیکس آمدنی میں تین ماہ میں 20.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق تین ماہ میں مالی خسارے میں 4.3 فیصد کا اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح 29 فیصد سے کم ہوکر 9.2 فیصد پر آگئی، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں دو ماہ میں 0.19 فیصد کی کمی ہوئی۔ وزارت خزانہ کے مطابق ملکی معیشت نے پہلی سہ ماہی میں مستحکم بحالی کا مظاہرہ کیا، آئی ایم ایف سے 1.03 ارب ڈالر کی قسط ملنے سے معیشت کو تقویت ملی۔ ایس سی او کانفرنس سے کاروبار و مارکیٹ کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔رپورٹ کے مطابق آئندہ مہینوں میں معیشت پائیدار بحالی کے سفر پر گامزن رہے گی، ترسیلات زر میں 38.8 فیصد اضافہ ہوا اور حجم 8.78 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، پاکستانی برآمدات 7.8 فیصد اضافے سے 7.49ا رب ڈالرتک پہنچ گئیں۔