اڈیالہ جیل آنیوالوں کی مانیٹرنگ وائی فائی انٹیگریٹڈ نظام نصب
راولپنڈی (خبر نگار سے ) اڈیالہ جیل کے سکیورٹی انتظامات کو ریوائز کر دیا گیا ، اڈیالہ جیل آنے والوں کی مانیٹرنگ کیلئے نیا وائی فائی انٹیگریٹڈ سسٹم بھی نصب کر دیاگیا ، بغیر شناختی کارڈ داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔
ملک بھر میں مطلوب افراد کا ڈیٹا آن لائن کر دیا گیا ، ویریفکیشن کے دوران مشکوک و مطلوب افراد کی شناخت ہو جائے گی ۔ انٹیگریٹڈ سسٹم کے ساتھ بائیو میٹرک ویریفکیشن ڈیوائس بھی نصب کی گئی، نیا سسٹم تین مرکزی دروازوں، ڈیوڑھی میں نصب کیا گیا، نئے سسٹم میں بار کوڈ سکیننگ،وائی فائی ڈیوائسز اور جدید ٹیب شامل ہیں۔ نیا نظام نادرا اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے سسٹم سے منسلک ہے ، جیل آنے والوں کے قومی شناختی کارڈ کی سکیننگ پر تمام تفصیلات ظاہر ہو جائیں گی ۔ آئی ڈی کارڈ سکیننگ مکمل نہ ہونے پر کسی کو جیل میں داخلہ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بانی پی ٹی آئی کے ملاقاتیوں کو بھی سکیورٹی سے گزارا جائے گا۔ مطلوب ملزموں، مجرموں کو فوری گرفتار کر کے متعلقہ پولیس کو اطلاع دی جائے گی۔ جیل کے اطراف میں پولیس کی پیٹرولنگ اور ناکہ بندی بھی کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں ہوم سیکرٹری پنجاب نورالامین مینگل نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا اور سکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔