میاں عامر محمود چیئرمین پی بی اے ،شکیل مسعود سیکرٹری جنرل منتخب
کراچی،اسلام آباد(دنیا نیوز،نامہ نگار)دنیا میڈیا گروپ کے چیئرمین میاں عامر محمود چیئرمین پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) منتخب ہو گئے ۔پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس 25-2024 کراچی میں ہوا۔
اجلاس میں ٹی وی اور ریڈیو کیٹیگری سے تعلق رکھنے والے ارکان نے شرکت کی،اجلاس میں میاں عامر محمود کو چیئرمین پی بی اے اور ڈان نیوز کے سی ای او شکیل مسعود کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا، اے آر وائی کے سی ای او سلمان اقبال سینئر وائس چیئرمین ،جیو نیوز کے سی ای او ابراہیم رحمان وائس چیئرمین، آج ٹی وی کے احمد زبیری جوائنٹ سیکرٹری ، کے ٹی این کے اطہر قاضی فنانس سیکرٹری منتخب ہو ئے ۔قبل ازیں جنرل باڈی نے ٹی وی اور ریڈیو سے بورڈ ڈائریکٹرز کا انتخاب کیا، نومنتخب بورڈ ڈائریکٹرز میں نیو ٹی وی کے چودھری عبدالرحمان،مہران ٹی وی کے غلام نبی مورائی اور ڈسکور پاکستان کے قیصررفیق جبکہ ایف ایم 106.2 کے شاہد جمال، ریڈیو آواز کے مرزا محمد نعیم، ایف ایم 89 کی نازآفرین ایس لاکھانی، ایف ایم 91 کی سارہ طاہر خان اور ایف ایم 105کے ذوالفقار علی شاہ شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا میں پر امید ہوں کہ نئے منتخب شدہ عہدیداران براڈ کاسٹنگ، براڈکاسٹنگ ہاؤسز کے مسائل کے حل ، ایسوسی ایشن کی ترقی اور پاکستان میں براڈکاسٹنگ کو بین الاقوامی معیار سے آہنگ کرنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کریں گے ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا امید ہے نومنتخب عہدیداران میڈیا انڈسٹری کی ترقی کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ،حکومت میڈیا اداروں کی آزادی، ترقی اور فروغ کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔