پی آئی اے طیارے سے گاڑی ٹکرانے کی تحقیقات بند
لاہور (نیوز رپورٹر )فیصل آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے بوئنگ طیارے سے گاڑی ٹکرانے کے واقعہ پر سابق سینیٹر کی شکایت پر شروع کی گئی ایف آئی اے کی تحقیقات بند کر دی گئیں۔ رجسٹریشن نمبر اے پی بی جی ایل بوئنگ طیارے کو سکیورٹی ڈرل کے دوران گاڑی کی ٹکر سے نقصان پہنچا تھا ۔
سینیٹر کے ایف آئی اے کو خط میں گاڑی کی ٹکر سے طیارے کو پہنچنے والے کروڑوں کے نقصان کی تحقیقات کا کہا گیا تھا۔ تحقیقات میں کسی جرم کو خارج از امکان قرار دیکر انکوائری بند کر دی گئی ۔ طیارے کے متاثرہ دورازے کی مرمت کیلئے 55 ہزار ڈالرز سے زائد کی لاگت آئی۔ انکوائری میں متعلقہ افراد کے بیانات کی روشنی میں پی آئی اے کو اپنے طور پر حادثے کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا کہا گیا ہے ۔ دو سال جاری رہنے والی انکوائری کو گزشہ ماہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔دوسری جانب پی آئی اے کی دمام سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 248سامان دمام ائیرپورٹ پر ہی چھوڑ آئی، 37مسافر اپنے سامان کی راہ تکتے رہے ،مسافروں نے لاہور ائیرپورٹ پر احتجاج بھی کیا ، انتظامیہ نے مسافروں کو اگلی پرواز سے سامان منگوا کردینے کی یقین دہانی کرائی ۔علاوہ ازیں پی آئی اے نے فضائی بیڑے میں شامل اہم طیاروں پردفاعی نمائش آئیڈیاز کا لوگو پینٹ کرادیا ۔بوئنگ 777 اور ایئر بس 320 کے 4 جہازوں پر لوگو پینٹ کرائے گئے ۔ 12 ویں آئیڈیاز اسلحے کی نمائش 19 تا22 نومبر کے دوران ایکسپوسنٹر کراچی میں ہوگی۔