چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلا س آج
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے سپریم کورٹ میں ہوگا، اجلاس میں آئینی بینچ کی تشکیل اور ججز کی نامزدگی پر غور کیا جائے گا۔
26ویں آئینی ترمیم اور جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کے بعد یہ پہلا اجلاس ہوگا۔ ایجنڈے کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں کمیشن کے سیکرٹریٹ کے قیام پر بھی بات ہو گی،اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین ،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان ، پاکستان بار کونسل کے نمائندے اختر حسین ،پارلیمنٹ کی طرف سے نامزد ارکان پیپلز پارٹی ، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ ن کے شیخ آفتاب احمد، تحریک انصاف کے عمر ایوب اور شبلی فراز اور خاتون رکن روشن خورشید شریک ہوں گی۔