بابا گورونانک کاجنم دن، 3ہزار بھارتی یاتریوں کو ویزے جاری
اسلام آباد (دنیا نیوز) سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی نے 3 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دئیے ۔
ترجمان پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق بھارتی یاتریوں کو 14 سے 23 نومبر تک کا ویزا جاری کیا گیا ہے ، بھارتی یاتریوں کو پاک بھارت مذہبی سیاحت معاہدے کے تحت ویزے جاری کئے گئے ہیں۔سکھ یاتری 14 نومبر کی صبح واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے جنم دن کی تقریب 15 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں ہوگی، پاکستان میں 10 روزہ قیام کے دوران بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال، گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد، گوردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد کے بھی درشن اور یاترا کریں گے ۔بھارتی مہمان گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور میں 19 نومبر کو ہونے والی تقریب میں شریک ہوں گے جبکہ گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں قیام کے بعد بھارتی یاتری 24 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس لوٹ جائیں گے ،اس حوالے سے متروکہ وقف املاک بورڈ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، 14 نومبر کو واہگہ بارڈر پر بھارتی مہمانوں کا استقبال کیا جائے گا۔