خیبرپختونخوا،کشمیر میں بارش،برفباری،دوجاں بحق
لاہور،پشاور ،مظفرآباد(نیوز ایجنسیاں )سموگ متاثرہ لاہورسمیت اپر پنجاب میں آج منگل کوبارش کی پیشگوئی،محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے بادلوں کا سلسلہ آج شام کو پاکستان داخل ہوگا۔۔۔
جس سے اپر پنجاب کے بیشتر اضلاع لاہور ،جہلم، چکوال، گجرات، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ،اٹک، مری، گلیات ، راولپنڈی ، گلگت بلتستان ،بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں میں بارش کاامکان ہے ۔ خیبر پختونخوا دیر میں تیز بارش کیساتھ ژالہ باری سے فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے ۔باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقہ شنگرگل میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے چچا بھتیجا اسمعیل اور حمزہ جاں بحق ہوگئے جوگائے بکریاں چروا رہے تھے ۔کمراٹ، جہاز بانڈہ ودیگر بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری ہوئی ۔ضلع صوابی اورمردان کی تحصیل رستم اور گردونواح میں تیز آندھی کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔مظفر آباد میں دھند چھائی رہی ، بوندا باندی جاری رہی ، شہر کے قرب و جوار ،شاردا اور بالائی نیلم تک پہاڑوں نے سفید پوشاک پہن لی،وادی کاغان میں بٹہ کنڈی، جلکھکڈ، جھیل سیف الملوک اوربابو سر ٹاپ پر برفباری ہوئی۔ کوٹلی ،بالاکوٹ گردونواح میں تیز بارش و ژالہ باری ہوئی ، نکیال ،تتہ پانی ، کھوئی رٹہ میں تیز بارش سے برساتی پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔ ہری پور ملحقہ علاقوں میں طوفانی بارش کیساتھ اولے پڑے ۔