رہائی مشن ،بانی پی ٹی آئی جب کہیں احتجاج کرینگے :وقا ص اکرم
لاہور (دنیا نیوز )سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہاہے کہ یہ تحریک انصاف کے دشمن ہیں جو عمران خان اور ورکرز کے درمیان فاصلے ڈالنے کی کوشش کر ر ہے ہیں۔۔۔
رانا ثناا للہ کی کوئی حیثیت نہیں ، نہ ہی ہم اسے مانتے ہیں ، خواجہ آصف اور رانا ثنا کی حکومت نے ڈیوٹی لگائی ہوئی ہے کہ یہ مزاحیہ بیان دیتے رہیں۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہر بخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور اپنے مزاج کے انسان ہیں ، غلطی ان سے بھی ہو سکتی ہے ، انہیں تمام گرفتار کارکنوں کے مچلکے جمع کرا کے رہا کرا کے ہی واپس آنا چا ہئے تھا ، ورکر ان سے ناراض ہے ، جس دن عمران خان کہیں گے ہم باہر نکل آئیں گے ، احتجاج کی تاریخ پر کوئی گفت و شنید نہیں ہو رہی ، اسٹیبلشمنٹ سے رابطے نہیں کئے جاتے ،وہ خود رابطہ کرتی ہے اور عمران خا ن انہیں منع کر چکے ہیں کہ ہم مینڈیٹ چور سے بات نہیں کریں گے ، حالات بہت مشکل ہیں، ایسے حالات میں ہی جنگ ہوا کرتی ہے ، آسانی سے مشن پورے نہیں ہوتے ، ہمارا مشن خان کو باہر نکالنا ہے ۔ماہر قانون بیرسٹر سعد رسول نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ 26 ویں آئینی ترمیم درست ہے یا نہیں ، ہرشہری کا حق ہے کہ عدالت میں اپنا موقف بیان کر سکے ،ترمیم میں یہ واضح نہیں ہے کہ آئینی بینچ کس حد تک مقدمات کی سماعت کرے گا ۔ سینئر تجزیہ کار منیب فاروق کار نے کہا کہ ابھی کافی وقت لگے گا ، 26 ویں آئینی ترمیم حکومت نے کی وہ خود اس میں پھنسی ہوئی دکھائی دے رہی تھی ، ابھی ایسا کچھ نہیں ہونے جا رہا کہ جسکے نتیجہ میں خان صاحب فوراً باہر آ جائیں گے ، عمران خان کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں ، بشریٰ بی بی اسٹیبلشمنٹ کیساتھ ڈیل کے بعد ہی باہر آئی ہیں ورنہ ایک سوایک طریقے سے آپ انسان کو جیل میں رکھ سکتے ہیں ۔