گنڈاپور نے سرکاری مشنری استعمال کی تو روکیں گے ،بلال کیانی
لاہور(دنیا نیوز)بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری نے کہا ہے سیاسی قیادت عمران خان سے ملنے گئی تھی اسکے ساتھ جوکچھ ہوا میں اسکی بھرپور مذمت کرتا ہوں، بیرسٹر گوہر خان اور سلمان اکرم راجہ کی ملاقاتیں عمرا ن خان کیساتھ ہوتی رہتی ہیں ۔
دنیا نیوزکے پروگرام ’’دنیا مہربخاری کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عمرا ن خان نے دوچار دن پہلے احتجاجی کال کا عندیہ دیا تھا اب حتمی اعلان کردیا یہی تاریخ انکو مناسب لگی، اگر کوئی شخص کہتاہے فائنل کال نہیں دینی چاہئے تھی یہ اسکی اپنی رائے ہے ،احتجاجی کال عمران خان نے دی ہے ، قیادت سے اس پر مشاورت ہو گئی ہے 24 نومبر کو نکلنا ہے اس روز تحریک انصاف کا بہت بڑا شو ہوگا۔اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل ن لیگ بلال اظہر کیانی نے کہا اس طرح کی کالیں دے کر تحریک انصاف ہر دوسرے ہفتے تماشا کرتی ہے اس سال فروری کے بعد کئی بار کالیں دیں،پہلے اعلان ہوا چھوٹی عید کے بعد بڑااحتجاج ہوگا ،حکومت گرادیں گے ، مگر کچھ نہ ہوسکا، چھوٹی عید گزر گئی،پھر بڑی عید کا اعلان ہوا وہ بھی گزر گئی۔ حال ہی میں گنڈاپور اودھم مچاکرخود غائب ہو گئے ،ہم ایسے اعلانات کو سنجیدگی سے نہیں لیتے ۔ گنڈاپور نے سرکاری مشنری استعمال کی تو روکنے کیلئے ہرممکن اقدام کرینگے ،تحریک انصاف پرامن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو اجازت ہے ، مگر بات یہ ہے اس نے ہمیشہ انتشار پھیلایا، اگر اس طریقے سے آئے گی جس طرح پہلے آئی، پھر ہم اس کو اسلام آباد آنے سے روکیں گے ۔