قوم باران رحمت کیلئے خصوصی دعا مانگے :شہباز شریف

قوم باران رحمت کیلئے خصوصی دعا مانگے :شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے درخواست کی ہے کہ نماز استسقاء ادا کرے اور اللہ تعالیٰ سے باران رحمت کے لئے خصوصی دعا مانگی جائے ۔گزشتہ روز وزیر اعظم آفس سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ علمائے کرام اور مشائخ عظام خاص طور پر نماز استسقاء کے اہتمام میں اپنا کردار ادا کریں۔

بارش برسنے سے ماحول میں بہتری آئے گی ، بیماریوں سے نجات ملنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے ۔اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کی جائیں تا کہ انسانی زندگی کو اس تکلیف سے نجات مل سکے ،وفاق اور صوبوں کے زیر اہتمام تمام مساجد میں نماز استسقاء کا اہتمام کیا جائے ،موجودہ صورت حال میں باران رحمت کی شدید ضرورت ہے ۔ وزارت مذہبی امور نے وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر آج جمعہ کے روز نماز استسقاء کے اہتمام کا سرکلر جاری کر دیا،جس میں وفاق اور صوبوں کی سطح پر نماز استسقاء کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔وزیراعظم نے نیشنل ایکشن پلان پر سنٹرل ایپکس کمیٹی کا اجلاس 18 نومبر کو طلب کرلیا،اجلاس دوپہر اڑھائی بجے وزیراعظم ہائوس میں ہوگاجس میں ، سکیورٹی سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا،وزارت داخلہ نے اجلاس کی طلبی کا نوٹس جاری کردیا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، چاروں وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء شرکت کریں گے ۔دوران اجلاس خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل کے تحت سرمایہ کاری سے متعلق اہم فیصلے بھی متوقع ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ ریاض حسین پیر زادہ کو فون کرکے ان کے بھائی سجاد حسین پیر زادہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے مرحوم کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لئے صبر و استقامت کی دعا کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں