کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کیخلاف ہیں :مرادشاہ
کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ایک مخصوص جماعت کا احتجاج مسخروں کا سرکس تھا، اس کے باوجود پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی مخالف ہے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کی احتجاج کے ذریعے رہائی کا مطالبہ بنیادی طور پر غلط ہے ۔ مقامی ہوٹل میں کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی کی بھی رہائی عدالتوں سے ہی ممکن ہے ، خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانا آسان نہیں ہوگا، پی ٹی آئی حکومت میں سندھ میں بھی گورنر راج کی باتیں ہوتی رہی ہیں۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس سے متعلق سوال پر مراد علی شاہ نے اجلاس کے انعقاد میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا،9 ماہ سے اجلاس نہیں ہوا، یہ صرف ہمارا ہی مسئلہ نہیں، پورے ملک کا ایشو ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کے بغیر پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا،اس وقت کوئی کینال تعمیر نہیں ہو رہی۔ ہم سندھ کے حصے کا ایک قطرہ بھی کسی کو نہیں دیں گے ، ہم اپنے حق پر کسی کو ڈاکا مارنے دیں گے نہ کسی دوسرے کا حق ماریں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی بھی فورم پر سندھ کے حقوق کے لیے بات کرنے سے نہیں ڈرتے ۔