لاپتاافراد:آئینی بینچ سندھ ہائیکورٹ کا درخواستوں کی سماعت سے انکار
کراچی(سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت سے انکار کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق آئینی بینچ کی جانب سے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر انکار کے بعد ان درخواستوں کے عدالتی دائرہ اختیار سے متعلق ابہام پیدا ہوگیا ، آئینی بینچز کے قیام کے بعد سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں سے متعلق ہدایت کی تھی کہ جس درخواست میں الزام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف ہو وہ درخواستیں آئینی بینچ کے روبرو سماعت کے لئے پیش کی جائیں تاہم بدھ کے روز جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے یہ کیسز واپس ریگولر بینچ کو ارسال کردئیے ۔ آئینی بینچ کے سربراہ جسٹس کے کے آغا نے لاپتہ افرادکی بازیابی سے متعلق کیسز ریگولر بینچ میں سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔