لاہورہائی کورٹ کاورک فرام ہوم پالیسی بنانے کا حکم
لاہور (کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تدارک کیس میں تعمیرات پر پابندی برقرار رکھنے اور سکولوں اور دفاتر کیلئے ورک فرام ہوم پالیسی بنانے کا حکم دے دیا ۔
لاہور ہائیکورٹ میں سموگ تدارک کیس کی سماعت کے دوران ممبر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ ٹاؤن شپ میں الیکٹرک بسوں کے ڈپو بنانے کے لئے درخت کاٹے گئے ہیں، اطلاعات ہیں یہ تمام درخت کاٹ کر ٹمبر مارکیٹ میں فروخت کئے جاتے ہیں۔عدالت نے کہا کہ تحقیقات ہونی چاہئیں کہ کاٹے گئے درخت کہاں جاتے ہیں، اگر درخت کاٹنے کی بات درست ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا، عدالت نے اس سلسلے میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کو3دسمبر کو طلب کر لیا۔ٹولنٹن مارکیٹ میں ایکشن پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی، عدالت نے کمیشن ممبران کو درخواست میں فریق بنانے پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ پٹیشن واپس لیں ورنہ درخواست گزار کو اندر کر دیں گے ، عدالت نے 50ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔عدالت نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی جانچ پڑتال کے حوالے سے پالیسی بنائی جائے جس میں تمام ڈیٹا موجود ہو ،گاڑیوں کے تمام ڈیٹا کیلئے سافٹ وئیر بنائیں،تین ماہ کا وقت رکھ کر چیکنگ کا ڈیٹا بنائیں،سموگ کنٹرول کرنے کیلئے حکومت کو مشورہ دیا تھا،جب تک ڈی سیز کے تبادلے نہیں کریں گے معاملات درست نہیں ہوں گے ۔واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے محدورپابندی کے بعد تعمیرات جاری رکھنے کی اجازت دے دی تھی ۔