آئینی بینچ میں جج کی تبدیلی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب

آئینی بینچ میں جج کی تبدیلی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب

اسلام آباد(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی نے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں جج کی تبدیلی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 6دسمبر کو طلب کرلیا، اجلاس میں جسٹس شاہد بلال کی آئینی بینچ میں شمولیت پر غور ہوگا۔

آئینی بینچ نے جسٹس عائشہ ملک کی جگہ خصوصی عدالتوں کے کیسز میں نئے جج کی شمولیت کیلئے کمیشن سے رجوع کیا تھا۔چھ دسمبر کو پشاور اور سندھ ہائی کورٹس میں ججز تقرری کیلئے اجلاس بھی شیڈول ہے ۔دریں اثنا سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے آڈیوز لیک کیس ،تارکین وطن کے حق ووٹ،الیکشن ایکٹ میں ترمیم سمیت اہم مقدمات آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کر دئیے ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان پر مشتمل چھ رکنی آئینی بینچ 2 دسمبر کو آڈیو لیکس کیس اور بانی پی ٹی آئی کی تارکین وطن کو ووٹ کا حق دینے کی درخواست پر سماعت کرے گا ۔ الیکشن ایکٹ 2024 میں ترمیم کیخلاف درخواستوں پر 4دسمبر کو ، پی آئی اے نجکاری کیس پر سماعت 5 دسمبر کو ہوگی۔سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹسز جاری کردئیے ۔خیال رہے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ذریعے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا طریقہ کار تبدیل کیا گیا تھا،الیکشن ایکٹ میں ترمیم کیخلاف درخواستیں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، ممبر پاکستان بار اشتیاق احمد نے دائر کر رکھی ہیں جبکہ رجسٹرار آفس نے درخواستوں پر اعتراضات عائد کر رکھے ہیں ،عدالت نے درخواستیں اور اعتراضات کیخلاف اپیلیں ایک ساتھ سماعت کیلئے مقرر کی ہیں ۔آئینی بینچ مختلف بینکوں سے 54 ارب روپے کے قرضے معاف کرانے اور پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں اور بینک اکاؤنٹس کے کیس کی سماعت 3دسمبر کو کرے گا،لاپتا سیاسی کارکنوں کی بازیابی کیلئے دائر اعتزاز احسن کی درخواست پر بھی اسی روز سماعت ہوگی،آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کے خلاف دائر درخواست 2دسمبر کو سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں