ملک میں بجلی مزید 5 روپے سستی ہوگی:اویس لغاری
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے آئندہ حکومت کی جانب سے بجلی نہ خریدنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی پی پیز سے نظرثانی معاہدوں کے بعد ملک میں بجلی مزید 5 روپے تک سستی ہوگی۔
اسلام آباد میں ایف پی سی سی آئی میں بجلی سہولت پیکیج کے حوالے سے بریفنگ سیشن میں وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی وجہ سے ملکی معیشت حرکت میں ہے ،اللہ کرے تاجر مزید منافع کمائیں اور ٹیکس کی مد میں ادائیگی کریں۔ ہم معاہدوں پر قائم ہیں لیکن آئی پی پیز کی مشاورت سے معاہدے تبدیل کریں گے ،5 آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہو چکے اور 11 سے بات چیت جاری ہے ، آئی پی پیز کو بتایا اتنی مہنگی بجلی پیدا کریں گے تو لے گاکون؟ ،آئندہ پاکستان میں ایسی کوئی آئی پی پیز نہیں لگیں گی، یہ ایک انقلاب ہے ، ایسا انقلاب ڈی چوک پر نہیں آتا۔ان کا کہناتھاکہ زراعت پر بھی اب 45 فیصد ٹیکس لگ گیا ہے اب ہم بھی ٹیکس میں حصہ ڈالیں گے ،نیشنل گرڈ میں شامل ہونے والی نئی 17 ہزار میگاواٹ بجلی میں سے صرف 87 میگاواٹ بجلی سستی ہے ۔رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ تقسیم کار کمپنیوں نے صرف11 ارب روپے کا نقصان کیا، نقصانات میں کمی کی وجہ ڈسکوز کے خود مختار بورڈز ہیں۔ہم کابینہ میں جا رہے ہیں، ہم کابینہ کو بتائیں گے کہ آئندہ حکومت بجلی نہیں خریدے گی اور بہت جلد یہ اعلان سنیں گے کہ حکومت بجلی نہیں خریدے گی۔