کراچی سمیت سندھ بھر میں یوم ثقافت پر تقریبات ،ریلیاں:بلاول،مریم نواز کی مبار کباد
کراچی،(سٹاف رپورٹر، نمائندگان دنیا) کراچی سمیت سندھ بھر میں اتوار کو یوم سندھی ثقافت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کراچی، سکھر،حیدرآباد،میرپور خاص،پنگریو ،کندھ کوٹ ، لاڑکانہ ، بدین،ٹھٹھہ ، میرپور ساکرو ،ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوآدم،شہداد کوٹ ، جھڈو ،جیکب آباد ،روہڑی سمیت مختلف شہروں اور دیہات میں ریلیاں نکالی گئیں اورتقریبات کا ا نعقاد کیاگیا۔
اس موقع پر سندھ کے نامور فنکاروں نے سندھی گیت پیش کئے ۔ ملیر پر یس کلب کی جانب سے تقریب منعقد کی گئی،جس میں سیکڑوں لوگوں نے اجرک اور ٹوپیاں پہن کر قومی گیتوں پر رقص کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے یوم ثقافت پر سندھ کے عوام سمیت تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن وادی مہران کے بھرپورثقافتی ورثے ، شاندار روایات اور لازوال اقدار کا مظہر ہے ، یوم ثقافت سندھ ہم آہنگی، رواداری کا عکاس ہے ، چیئرمین پی پی نے کہا کہ سندھ کے عوام آج کا دن شاہ بھٹائی، سچل اور قلندر جیسے عظیم صوفی بزرگوں کی تعلیمات کو اپنانے کے عہد کے طور پر منائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی پیغام میں کہا کہ سندھ، پاکستان اور دنیا کے کونے کونے میں موجودسندھی بہن بھائیوں کو ثقافتی دن پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں یوم ثقافت پر سندھی بہن بھائیوں کو اہل پنجاب کا سلام پیش کیا اور کہا کہ سندھ کی اجرک، ٹوپی،دلکش موسیقی اور شاعری پاکستان کی ثقافتی خوبصورتی میں اضافہ کرتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمیں اپنے پر امن بقائے باہمی کو فروغ دینے کیلئے تمام قومیتوں کے اہم دنوں کو قومی سطح پر باضابطہ منانے کی ضرورت ہے تاکہ قومی جذبے کے ساتھ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔