ٹریفک حادثہ ،سابق ایم این اے علی حسن گیلانی جاں بحق
اوچ شریف،ڈیرہ نواب صاحب (نمائندہ دنیا ،نامہ نگار)اوچ شریف ٹریفک حادثہ میں سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی سمیت 2 افراد جاں بحق ، 3 زخمی ،مخدوم سید علی حسن گیلانی کی نماز جنازہ سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے پڑھائی ، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ہزاروں افراد کی شرکت ، شہر کی فضا سوگوار ، مارکیٹیں بند رہیں، ہرآنکھ اشکار تھی ،آہوں سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
ختم قل وقرآن خوانی کل ہوگی،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، ایک کی حالت تشویشناک ہے ،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کا علی حسن گیلانی کی ٹریفک حادثے میں اچانک وفات پر اظہار افسوس، انتقال کو بڑا نقصان قراردیا اور ان کی سیاسی وعوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اوچ شریف احمد پور شرقیہ روڈ پر نبی پور کے قریب گاڑی اور منی ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں سابق ایم این اے سید علی حسن گیلانی اور ان کے ساتھی اکبر خان جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو تحصیل ہیڈ ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کردیا گیا ، افسوسناک حادثہ کی خبر سنتے ہی ہزاروں کی تعداد میں شہری جائے حادثہ پر پہنچ گئے ، افسوسناک واقعہ پر شہر کی فضاء سوگوار ہوگئی ، سوگ میں شہر کی مارکیٹیں بند کردی گئیں۔ مخدوم سید علی حسن گیلانی کی نماز جنازہ سابق وفاقی وزیر مخدوم سید حامد سعید کاظمی نے پڑھائی جس میں سیاسی و سماجی شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی ، انہیں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا ۔مخدوم سید علی حسن گیلانی چیئرمین سینیٹ مخدوم سید یوسف رضا گیلانی کے قریبی عزیز ، سینئر سیاستدان وسابق ایم پی اے مخدوم سید افتخار حسن گیلانی ، مخدوم سید ظفر حسن گیلانی کے بھتیجے تھے اور مسلم لیگ ن کے ایم این اے مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی کے بھائی اور پیپلز پارٹی کے اوچ شریف سے منتخب ہونے والے ایم پی اے سید عامر علی شاہ کے کزن اور سابق چیئرمین ضلع کونسل بہاول پور شیخ دلشاد کے داماد تھے ۔ مخدوم سید علی حسن گیلانی احمد پور شرقیہ کے قومی حلقہ سے دو مرتبہ ق لیگ اور مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ایم ین اے منتخب ہوئے تھے ۔