ملک کا سب سے بڑا ہونہارسکالرشپ پروگرام شروع،بچے ڈی چوک میں ڈنڈے چلاتے نہیں،پڑھتے اچھے لگتے ہیں:مریم نواز

ملک کا سب سے بڑا ہونہارسکالرشپ پروگرام شروع،بچے ڈی چوک میں ڈنڈے چلاتے نہیں،پڑھتے اچھے لگتے ہیں:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،اے پی پی )وزیراعلیٰ مریم نواز نے پاکستان کا سب سے بڑا ہونہار سکالر شپ پروگرام لانچ کر دیا۔وزیر اعلیٰ نے پنجاب یونیور سٹی میں تقریب کے دوران طلبا میں چیک تقسیم کرکے سکیم کا باقاعدہ افتتاح کیا انہوں نے ہونہار سکالرشپ کے لئے ای پورٹل کا بھی آغاز کیا۔

ہونہار سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبا ای پورٹل پر سکالر شپ وصول کرسکیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے طلبا کے لئے فارنرز سکالر شپس کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے جنوری میں طلبا کے لئے لیپ ٹاپ سکیم کے آغاز کاحکم دیا اورطلبا کو مزیدای بائیکس دینے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ ہونہار سکالر شپ حاصل کرنے والے طلبا کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ مریم نواز نے سکالر شپ اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہونہار سکالر شپ طلبا کی قابلیت کا اعتراف ہے ، بچوں سے وزیراعلیٰ نہیں ماں کے طورپر خطاب کررہی ہوں،بچے ڈی چوک میں ڈنڈے چلاتے نہیں ، پڑھتے اچھے لگتے ہیں ۔ہونہار سکالر شپ بچوں کے تابناک مستقبل کا آغاز ہے ۔پنجاب کا کوئی بچہ یونیورسٹی میں داخلہ ملنے پر مالی وسائل کی کمی سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ۔ ہونہار سکالر شپ کے لئے 70ہزار طلبا نے اپلائی کیا ۔30ہزار کو سکالر شپ دے رہے ہیں ،پہلی مرتبہ سکالر شپ سکیم میں پرائیویٹ اور سرکاری یونیورسٹیوں کے طلبا شامل ہیں ۔

سکالر شپ حاصل کرنیوالوں میں 18ہزار طالبات کا سن کر خوشی ہوئی ۔ طالبات سماجی پابندیوں پرمواقع سے محروم رہ جاتی ہیں اب وہ آگے بڑھیں گی۔ سکالر شپ پانے والوں میں جنوبی پنجاب کے 32فیصدطلبا شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا سکالر شپ کسی پر احسان نہیں آپ کا حق ہے سر اٹھا کر آگے بڑھیں ۔میری تمام تر توجہ کا محور طلبا ہیں۔مریم نواز نے کہا طلبا کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو ہم انہیں بلاتفریق سکالر شپ دیں گے ۔ پنجاب میں اب صرف میرٹ ہے ،حلفاً کہہ سکتی ہوں 10ماہ میں ایک بھی تعیناتی میرٹ کے خلاف نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کوالٹی آف ایجوکیشن اور نصاب تعلیم کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، 5سال میں بہترین کوالٹی ایجوکیشن دے کرجائیں گے ۔نوازشریف آئی ٹی سٹی میں بڑے غیر ملکی تعلیمی ادارے کیمپس کھولیں گے ۔غیر ملکی یونیورسٹیوں کے لئے سکالر شپ مہنگا کام ہے لیکن بچوں کی تعلیم سے مہنگا نہیں ۔کسی بچے کو بیرون ملک یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا تو پورا خرچہ ہم کریں گے ، ہم نے پہلی مرتبہ مختلف محکموں میں 60ہزار روپے ماہانہ پر انٹرن شپ شروع کی ہے ،چاہتی ہوں کہ بچے ڈگری لے کر نکلیں تو انہیں اچھے روز گار کے لئے ملک سے باہر نہ جانا پڑے ۔

بچوں کو ڈگری کے بعد اپنے کاروبار کے لئے ایک کروڑ روپے تک کے قرضے دینا چاہتے ہیں ۔وزیراعلیٰ نے کہا سیاستدان کی پہچان عہدوں یا اچھی تقریر سے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کے عمل سے ہوتی ہے ۔پیسہ پہلی حکومتوں کے پاس بھی تھالیکن عوام تک کیوں نہیں پہنچا۔جو اعلان یا وعدہ کرتی ہوں پورا کروں گی، نوازشریف کی بیٹی ہوں ۔ پاکستان کا اصل چہرہ بندوق، غلیل یا اس قسم کی چیزیں نہیں ۔سکالر شپ حاصل کرنیوالوں کی کہانی سن کر دل بھرآیا،پاکستان کا چہرہ یہ یوتھ ہے ،غلیل، بندوق اور کیلوں والے ڈنڈے رکھنے والے پاکستان کا چہرہ نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا بچے یونیورسٹیو ں اور کالجوں میں پڑھتے اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک بیٹھ کر ڈنڈے اورغلیلیں چلاتے اچھے نہیں لگتے ۔ کیسے چاہو ں گی کہ میرے بیٹے جنید کے ہاتھ میں کیل والا ڈنڈا ہو ۔کوئی ماں نہیں چاہے گی کہ اسکے بیٹے کے ہاتھ میں پٹرول بم اور پتھر ہو۔وزیراعلی ٰ نے کہا سی ایم ایچ راولپنڈی میں پولیس اور رینجرز کے جوانوں کو دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا تھا۔ جوانوں کی کھوپڑیاں، ٹانگیں، بازو اورہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں ۔اگر یہ حملے اور جلاؤ گھیراؤ پازیٹو ہے تو اپنے بچے آگے ہونے چاہئیں ۔اپنے بچے محفوظ ہیں اور قوم کے بچوں کو مار کھانے اور مارنے کے لئے چھوڑا ہواہے ۔بچوں سے کہتی ہو ں والدین کی عزت اور احترام پر کوئی بات نہ آنے دیں،اساتذہ کی عزت کریں ۔بچوں کو ترقی کے انجن کا ایندھن بننا چاہیے ، فتنے فساد کا نہیں ۔

وزیراعلیٰ نے طلبا سے پاکستان کو نقصان نہ پہنچانے کا وعدہ بھی لیا۔وزیراعلیٰ نے تلاوت قران پاک کرنے والے بچے سے اظہار شفقت کیا ۔جی سی یونیورسٹی کی میوزیکل سوسائٹی گروپ نے قومی ترانہ اور کلام اقبال پیش کیا۔وزیر تعلیم راناسکندر حیات نے کہا ہونہار سکالر شپ کے تحت 30ہزار طلبا کی ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی ۔سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے سکیم کی تفصیلات بیان کیں ۔سکالرشپ حاصل کرنے والی بی فارمیسی کی طالبہ حمنہ مقصود نے طلبا کی نمائندگی کرتے وزیر اعلیٰ کاشکریہ ادا کیا۔ مریم نواز تقریب میں طلبا کے درمیان بیٹھ گئیں، اختتام پر طلبا کے درمیان پہنچ گئیں، ان سے بات چیت کی اور تصاویر بنوائیں ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہیلتھ سسٹم میں بنیادی اصلاحات کاجامع پلان طلب کر لیا اور 10روز کے اندر سمال ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم اصلاحات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں فری میڈیسن کی فراہمی،ویئر ہاؤس پراجیکٹ، ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ ہیلتھ سسٹم میں بنیادی اصلاحات کیلئے اعلیٰ سطح وزارتی کمیٹی قائم کردی گئی۔

وزیر اعلیٰ نے ہیلتھ کے لئے درکار فنڈز کی فوری ریلیز اور چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے بیرون ملک سے سرجنز بلوانے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ نے مریضوں کو ادویات ہر صورت گھر تک پہنچانے کی ہدایت کی ۔فری میڈیسن گھر گھر پہنچانے کیلئے کوریئر کمپنی کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہارکیاگیا۔ انہوں نے چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے مزید 7پرائیویٹ ہسپتال پینل میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا بچوں کی ہارٹ سرجری کیلئے کسی بھی صورت میں کوالٹی پر سمجھوتا نہ کیا جائے ۔ سرکاری ہسپتالوں سے ادویات کا چوری ہونا شرم ناک ہے ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنائیں گے ۔ سرکاری ہسپتال سے مریض کا بغیر علاج اور ادویات واپس جانا ناکامی کے مترادف ہے ۔ نشتر ہسپتال میں بری حالت دیکھ کر دنگ رہ گئی، راہ داریوں میں بھی مریض بھرے تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے بینکنگ کے عالمی دن پرمالیاتی تنظیموں، ماہرین اور معاشی ترقی کے ہر سٹیک ہولڈرکو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا صوبے کی ترقی کے لیے پنجاب بینک کے کردار کو سراہتے ہیں۔ پنجاب بینک میں جدید اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں۔ بینک معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں