صدر کا مدارس رجسٹریشن بل پر اعتراض،واپس بھیج دیا:ذرائع:بلاول فضل الرحمٰن ملاقات

صدر کا مدارس رجسٹریشن بل پر اعتراض،واپس بھیج دیا:ذرائع:بلاول فضل الرحمٰن ملاقات

لاہور،اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،خصوصی رپورٹر، سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے منظوری کے بغیر اور قانونی اعتراض کے ساتھ مدارس رجسٹریشن بل کو وزیر اعظم آفس واپس بھیج دیا۔

جبکہ سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن کے تحفظات دور کرنے کیلئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ان کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے ، ذرائع کے مطابق مدارس صوبوں کی وزارت تعلیم کے ماتحت ہیں،ان کی رجسٹریشن صوبائی معاملہ ہے ، اسلام آبادمیں بھی مدارس کی رجسٹریشن کے دو قوانین پہلے سے موجود ہیں۔ نئے مدارس رجسٹریشن بل میں کہیں نہیں لکھا کہ بل کا اطلاق اسلام آباد میں موجود قوانین کے اوپر ہوگا جبکہ صدر مدارس رجسٹریشن بل واپس بھجواچکے اور اب بلاول بھٹو کی خواہش کے باوجود بھی دستخط نہیں ہوسکتے ۔مدارس رجسٹریشن بل کو اب صرف پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے منظور کرایا جا سکتا ہے جبکہ وزیراعظم بھی ازخود مدارس رجسٹریشن بل پر کوئی رائے نہیں دے سکتے ۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری وفد کی صورت میں ملاقات کیلئے مولانا فضل الرحمن کی رہائش گاہ پہنچے ،ملاقات میں مدارس رجسٹریشن ایکٹ پردستخط اور ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا،مولانا فضل الرحمن نے صدر کی جانب سے بل پر دستخط نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ مدارس رجسٹریشن بل پر دونوں ایوانوں سے منظوری کے باوجود صدر کے دستخط کیوں نہیں ہوئے ۔

بلاول بھٹو نے یقین دہانی کرائی کہ مدارس رجسٹریشن بل پردستخط نہ ہونے پرحکومت سے بات کریں گے ۔قبل ازیں بلاول بھٹو ز سے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اسلام آباد میں ضلع اٹک کی سیاسی و نامور شخصیات کے ہمراہ ملاقات کی۔اس موقع پر تحریک لبیک کے ٹکٹ ہولڈر پی پی 4 ملک امانت اور ٹکٹ ہولڈر پی پی 5 سید عاطف حسین شاہ گیلانی نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، بلاول بھٹو نے شمولیت پر خوش آمدید کہا اورکہا کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،بلاول بھٹو نے گورنر پنجاب کے ہر ضلع میں پیپلزپارٹی کو منظم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ گورنر نے کہا پیپلز پارٹی کو پنجاب میں نئے جذبے اور ولولے سے متحرک کردیا ہے ۔ عوام نوجوان قیادت چیئرمین بلاول بھٹو ز کو وزیراعظم بنائیں گے ۔ بلاول بھٹو زسے پی پی پی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چودھری یاسین ، پی پی پی رہنما ندیم افضل چن اور جنرل سیکرٹری فیصل راٹھور نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی، آزاد کشمیر اور پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا، سابق وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں