سعودی عرب نے پاکستان کیلئے3ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں تو سیع کردی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب نے پاکستان کو دئیے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کردی۔
سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق پاکستانی معیشت کی معاونت کیلئے سعودی عرب نے 3 ارب امریکی ڈالر کے ڈپازٹ کو رول اوور کردیا ہے ،سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی)نے مملکت سعودی عرب کی جانب سے 5 دسمبر 2024 کو میچور ہونے والے 3 ارب امریکی ڈالر کے ڈپازٹ کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کی ہے ، یہ رقم سٹیٹ بینک میں جمع کرائی گئی تھی، ڈپازٹ کی مدت میں یہ توسیع مملکت سعودی عرب کی جانب سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کو فراہم کردہ مسلسل حمایت کا حصہ ہے ،اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس توسیع سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے اور ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی میں مدد ملے گی۔