پنجاب یونیورسٹی میں فائرنگ سے طالبعلم جاں بحق

پنجاب یونیورسٹی میں فائرنگ سے طالبعلم جاں بحق

لاہور(کرائم رپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹرسے ،ایجوکیشن رپورٹر،ایجنسیاں )پنجاب یونیورسٹی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے طالب علم جاں بحق ہوگیا۔

 طلبانے ایڈمن بلاک  میں توڑ پھو ڑکی ،گملے اور شیشے توڑ دئیے ۔پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے کینٹین پر بیٹھے سوشیالوجی کے طالبعلم رانا عمار کو شدید زخمی کر دیا اور فرار ہو گئے ، زخمی طالبعلم کو تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ، طلبا کی بڑی تعداد نے کینال روڈ بند کر کے احتجاج شروع کر دیا ،اس دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مظاہرین سے مذاکرات کئے اور کیمپس پل کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی فوٹیج میں فائرنگ کا واقعہ نظر نہیں آیا۔پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمودودیگر آفیسرز کی جانب سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاگیا کہ فائرنگ کے واقعہ کا کوئی عینی شاہد نہیں ملا۔ ادھر اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم حافظ انعام الرحمن نے وی سی آفس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یونیوسٹی انتظامیہ واقعہ کی ذمہ دار ہے ، پولیس اور یونیورسٹی انتظامیہ طلبہ کو تحفظ دینے میں مکمل ناکام رہی۔ علاوہ ازیں مقتول کے ساتھی دلاور نے مبینہ طورپر پولیس کو بتایا کہ حذیفہ سے انجانے میں گولی چل گئی جو عمار کو لگی اور حذیفہ خوف کے مارے بھاگ گیا اور میں عمار کو فوری اپنی گاڑی میں شیخ زید ہسپتال کی ایمرجنسی میں لیکر آیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں