پی ٹی آئی احتجاج میں فیک نیوز سے پاکستان کا عالمی چہرہ مسخ
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی احتجاج کے دوران جھوٹی خبریں پھیلانے کے حوالے سے فیک نیوز واچ ڈاگ نے رپورٹ جاری کردی،جھوٹی خبروں پر تحقیق کرنیوالے ادارے فیک نیوز واچ ڈاگ نے کہا کہ احتجاج کے حوالے سے چلنے والی من گھڑت خبروں نے تباہ کن کردار ادا کیا۔
بغیر تصدیق کیے معلومات کے پھیلا ؤ سے پاکستان کا عالمی سطح پر چہرہ مسخ ہوا، وزیر داخلہ سے منسوب آزاد کشمیر کے شہریوں سے متعلق خود ساختہ لیکن خطرناک بیان زیر گردش رہا، بانی چیئرمین کے مبینہ ویڈیو پیغام سے متعلق بھی جعلی خبریں چلتی رہیں، علی امین اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری سے متعلق جعلی خبر نے احتجاج کی شدت کو بڑھایا، پمز اور پولی کلینک ہسپتال میں سینکڑوں لاشوں کی جعلی خبروں کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ، اسد قیصر کو پی ٹی آئی چیئرمین بنانے سے متعلق بھی جعلی خبریں بریکنگ نیوز بنیں، بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے سلمان خان کے جعلی اکاؤنٹ سے بھی کارکنان کو اکسایا جاتا رہا، بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے منتقل کرنے کی خبریں بھی بعد ازاں جعلی ثابت ہوئیں، احتجاج کے دوران آرمی اکیڈمیوں سے 600 جوانوں کے استعفے کی خبریں بھی بے بنیاد ثابت ہوئیں، اسد قیصر اور محمود خان اچکزئی پر فائرنگ کی بے بنیاد خبریں بھی چلائی گئیں،سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے عمران خان کی صحت سے متعلق بیانات کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوئے ، ڈی پی او اٹک ڈاکٹر غیاث گل کی جانب سے دوران پریس کانفرنس پی ٹی آئی احتجاج کی پرانی تصویر چلائی گئی، دوران نماز کنٹینر سے گرنے والے پی ٹی آئی کارکن کی موت کی خبر بھی عالمی سطح پر زیر بحث رہی،کنٹینر سے گرنے والے کارکن کے منظر عام پر آنے اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات سے موت کی خبریں بھی غلط ثابت ہوئیں، فیک نیوز کی وجہ سے نہ صرف سکیورٹی اداروں بلکہ پی ٹی آئی قیادت کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا،رپورٹ کے مطابق فیک نیوز کے متاثرین میں حکومت، سکیورٹی ادارے اور سیاسی جماعتیں سب شامل ہیں، پاکستان میں فیک نیوز کے سدباب کے حوالے سے اقدامات ہنگامی بنیادوں پر ہونے کی ضرورت ہے ۔