پرامن احتجاج کا راستہ روکنے سے مسائل بڑھیں گے :حافظ نعیم

پرامن احتجاج کا راستہ روکنے سے مسائل بڑھیں گے :حافظ نعیم

لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا آئین و قانون کی بالا دستی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، حکومت اور اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہو گا۔

حکومت، عدلیہ، پارلیمنٹ، افواج سمیت ہر ادارے سے متعلق آئین میں ایک ضابطہ موجود ہے جسے فالو کیا جانا چاہیے ، پُر امن سیاسی احتجاج ہر ایک کا حق ہے اس کا راستہ روکنے سے مسائل مزید بڑھیں گے ،منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی پرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتی ہے ، ملک میں پُر امن سیاسی کلچر کو پروان چڑھایا جائے ، فوج اور عوام کے درمیان دوریاں بڑھانے کے بجائے کم کرنے کی ضرورت ہے ، موجودہ پالیسیاں دوریاں پیدا کر رہی ہیں، پوری پالیسی کا دوبارہ جائزہ اور عوام کو اعتماد میں لینے کی ضرورت ہے ، جمہوری آزادیاں سلب کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے ، سٹاک ایکسچینج کی غیرمعمولی تیزی اور حدیں عبور کرنا، معیشت کی حقیقی تصویر نہیں،جب تک ملک میں صنعتیں اورزراعت ترقی نہیں کریں گی، توانائی کی قیمتوں میں کمی اور عام آدمی کو ریلیف ملے گا نہ ملکی معیشت بہتر ہو سکتی ہے اور نہ عام آدمی کی حالت سنور سکتی ہے ۔اسلامی نظام کا قیام جماعت اسلامی کا نصب العین ہے اور ہم اس فرض عین کو پورا کرنے کے لیے پرامن جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ جماعت اسلامی اپنے دیرینہ مطالبہ پر کھڑی ہے اور چاہتی ہے کہ جوڈیشل کمیشن بناکر فارم 45 کی بنیاد پر عوام کی اصل منتخب کردہ حکومت لائی جائے ، 26 ویں آئینی ترمیم کالعدم قراردی جائے ۔ حکومت آئی ایم ایف کی تابعداری کی بجائے عوام کو بجلی، پٹرول اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے ریلیف دے ۔ جماعت اسلامی 29دسمبر کو اسلام آباد میں اہل غزہ و فلسطین کے لیے عظیم الشان ملین مارچ کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں