پی ٹی آئی کے 573ملزموں کی منتقلی، پولیس حوالگی سے دستبردار

پی ٹی آئی کے 573ملزموں کی منتقلی، پولیس حوالگی سے دستبردار

راولپنڈی (خبرنگار)پی ٹی آئی کے 573ملزموں کی تھانے منتقلی کے معاملے پر سکیورٹی نہ ہونے کی بنیاد پر پولیس نے فوری حوالگی لینے سے انکار کردیا۔

انسدادہشتگردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج امجد علی شاہ نے لاہور اور فیصل آباد پولیس کی جانب سے راولپنڈی ڈویژن کے 573 ملزمان کی حراست اور اپنے اضلاع میں منتقلی سے درخواست پر راولپنڈی میں ملزمان سے تفتیش کی اجازت دے دی جبکہ لاہور اور فیصل آباد پولیس کی جانب سے دائر نئی درخواستوں کی سماعت بالترتیب 9 اور 11 جنوری تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے اپنا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔لاہور پولیس نے 200گرفتار کارکنوں کو ریس کورس تھانہ لاہور کے مقدمے میں قصوروار قرار دیا ۔ اسی طرح فیصل آباد ،جڑنوالہ تھانہ پولیس نے بھی 400گرفتار کارکنوں کو اپنے تھانے میں درج مقدمات میں قصور قرار دیا ہے ۔بعد ازاں لاہور اور فیصل آباد پولیس پی ٹی آئی کارکنوں کی فوری حوالگی سے دستبردار ہو گئی اورموقف اپنایا کہ ہمارے پاس اتنی بڑی تعدادمیں کارکنوں کو لاہور، فیصل آباد لے جانے کا کوئی سکیورٹی نظام نہیں ہے ، اتنے زیادہ ملزم لے جانے سے کوئی واقعہ ہونے کا خدشہ ہے ۔عدالت نے لاہور اور فیصل آباد پولیس کی نئی درخواستیں منظور کر لیں اور لاہور پولیس کے 3 تھانوں کے مقدمات کے ملزموں کی حوالگی کی درخواست سماعت 9 جنوری تک ملتوی کردی۔ اسی طرح عدالت نے جڑانوالہ تھانے کے مقدمات میں حوالگی کی درخواست سماعت 11 جنوری تک ملتوی کردی۔دریں اثنا سرگودھا پولیس بھی پی ٹی آئی کے گرفتار کارکنوں کو شامل تفتیش کرنے پنڈی پہنچ گئی۔ تفتیشی افسر کے مطابق سرگودھا میں دہشت گردی کے 4 کیسوں میں ان گرفتار ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے ۔ سرگودھا پولیس اڈیالہ اور اٹک جیل میں پی ٹی آئی کارکنوں سے تفتیش کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں