کمیٹی ضرور بنائی کوئی مذاکرات نہیں ہوئے :اسد قیصر
اسلام آباد(نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن ،سابق سپیکر اسد قیصر نے کہاہے ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں کو رہا ، سپریم کورٹ کے سینئر ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے ، ہمارے ایک ممبر کو استعفیٰ دینے کیلئے زبردستی بلایا گیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں بھی اس ایوان کا کسٹوڈین رہا ہوں کل سے میڈیا میں چل رہا ہے کہ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں میں سپیکر کے پاس صرف فاتحہ کے لئے گیا تھا، کوئی مذاکرات نہیں ہوئے جو میڈیا میں رپورٹ ہوا بالکل غلط ہوا میری کل سپیکر سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہم نے کمیٹی ضرور بنائی ہے ۔انہوں نے کہا ہم بانی پی ٹی آئی سے ہدایات لیں گے ہمارے 12 کارکن شہید ہوئے ،اس وقت ملک میں کوئی جمہوریت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا عملا ًپنجاب میں مارشل لا ہے کوئی قانون نہیں ،دو ہزار سے زیادہ ہمارے پختون گرفتار ہیں جو کر رہا ہے وہ پاکستان کے خلاف سازش کررہا ہے ہم اس قسم کے رویئے کی مذمت کرتے ہیں۔ اسد قیصر کا کہنا تھا پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی ضرور بنائی ہے مگر بات تب ہی شروع ہو سکتی ہے جب حکومت سنجیدگی دکھائے اس میں پیشرفت بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق ہی ہو گی۔اسد قیصر کا کہنا تھا حکومت کو اس سوال کا جواب دینا ہوگا کہ 26 نومبر کو گولی کیوں چلائی؟ کس قانون کے تحت نہتے شہریوں پر گولیاں چلائی گئیں۔