چونیاں:دیرینہ رنجش پر فائرنگ وکیل قتل ، ساتھی شدید زخمی

چونیاں:دیرینہ رنجش پر فائرنگ  وکیل قتل ، ساتھی شدید زخمی

چونیاں،قصور،الہٰ آباد،تلونڈی(تحصیل رپورٹر،خبرنگار،نمائندگان دنیا،نامہ نگار)چونیاں میں دیرینہ رنجش پر وکیل کو قتل کر دیا گیا جبکہ ساتھی شدید زخمی ہو گیا۔

کوٹ  ارجن سنگھ کے رہائشی سردار اقبال جمیل ڈوگرایڈووکیٹ اورریاست نیوجوڈیشل کمپلیکس سے چونیاں سے نکلے تو مخالفین نے پرانی رنجش پر گاڑی پراندھادھندفائرنگ کردی جس سے اقبال جمیل موقع پرہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کاساتھی ریاست شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ  کوارٹر چونیاں منتقل کر دی جبکہ زخمی ریاست کو تشویشناک حالت میں جنا ح ہسپتال لاہورمنتقل کردیاگیا ۔پولیس نے ملزموں کی تلاش شروع کردی ۔قتل پر ورثا اور وکلا مشتعل ہو گئے ۔ مظاہرین نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کے سامنے مین روڈ دونوں اطراف کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا اور کہا سر عام گولیاں ماری گئیں ،پولیس شہریوں اوروکلا کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے ،مقتول اقبال جمیل کا چند دن سے ملزم پیچھا کر رہے تھے ۔ پولیس کو بھی آگاہ کر چکے تھے ۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ 10 گھنٹے میں نامزد ملزموں کو گرفتار کیا جائے ورنہ احتجاج کا دائرہ کار وسیع کردینگے ۔ احتجاج پرٹریفک کی روانی متاثر، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں، ہسپتال جانے والا راستہ بھی بند رہا۔ مسافروں اور ہسپتال جانے والے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں