حقوق کا تحفظ نہیں ہوگاتو حق لیناجانتے ہیں:شاہدخاقان
مری (نمائندہ دنیا)عوام پاکستان پارٹی سربراہ اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مری گرینڈ جرگے میں حکومت کے سوا تمام جماعتیں موجود ہیں، یہاں کے عوام اپنا حق مانگنے کیلئے احتجاج کر رہے ہیں۔
ہمارے حقوق کا تخفظ نہیں ہوگا تو پھر حق لینا بھی جانتے ہیں،مری کے عوام کے ساتھ زیادتی کرنے والی حکومت کو ہم قبول نہیں کرتے ۔انہوں نے مری میں احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کس قانون کے تحت لوگوں کی عمارتیں گرا رہے ہیں، کیا آپ نے جنگل کا قانون نافذ کر دیا ہے ؟۔میری سیاسی تاریخ میں کبھی مری میں دفعہ 144 نافذ نہیں کی گئی ،عوام کے نمائندے عوام میں ہوتے ہیں، آپ عوام کی بات سننے کو تیار نہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ مری کی انتظامیہ سے سوال کریں تو کہتے ہیں ہمیں اوپر سے آرڈر ہے جبکہ ہم نے کبھی 37 سالوں میں اوپر والوں کا حکم نہیں مانا۔شاہدخاقان عباسی کا کہناتھاکہ حکومت اپنا پلان ہماری عمارتیں گرا کر حاصل نہیں کرسکتی، ہماری بدقسمتی ہے کہ یہ حکومت آئینی ترمیم بھی رات کے اندھیروں میں کر رہی ہے ۔مری میں گرینڈ جرگے کا انعقاد پنجاب حکومت کے مری ڈیویلپمنٹ پلان کیخلاف ہوا ،جرگے میں مطالبات کے حق میں 27 دسمبر کو مری کے تمام چھوٹے بڑے بازاروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیاگیا۔