بیرسٹرسلطان ،انوارالحق ملاقات ،مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (اے پی پی) صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری سے وزیر اعظم آزادکشمیر چودھری انوارالحق نے ایوان صدر کشمیر ہا ؤ س اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اندرون و بیرون ملک موثر اور جارحانہ انداز میں اٹھا یا جا ئیگا ، آزادی کے بیس کیمپ سے ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آزادی کی جدوجہد میں آزادکشمیر کا بچہ بچہ ان کے شانہ بشانہ ہے ، ہماری یہ جدوجہد مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے جابرانہ وغاصبانہ قبضے سے آزادی تک جاری و ساری رہے گی، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جگانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔صدر نے کہا آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے لئے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیں ، وزیر اعظم نے انہیں یقین دلایا کہ آزادکشمیر میں گڈ گورننس کے قیام اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جا ئیگی تاکہ اس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔