پاک سعودی عرب مشترکہ ٹاسک فورس فعال کرنے پر اتفاق
اسلام آباد(وقائع نگار، دنیا نیوز )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سعودی عرب کے شہر ریاض پہنچ گئے ، جہاں انہوں نے سعودی عرب کے پبلک سکیورٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں پبلک سکیورٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد البسمیع نے وزیرداخلہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیرداخلہ نے سٹیٹ آف آرٹ پبلک سکیورٹی کے ہیڈ کوارٹر زکے مختلف شعبوں کا معائنہ بھی کیا ،وزیر داخلہ نے سعودی عرب کے سیف سٹی سنٹر کا دورہ کر کے جرائم کی روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ نظام کا مشاہدہ کیا اور جرائم و ٹریفک حادثات پر کنٹرول کرنے کے نظام کو سراہا۔ وزیرداخلہ اور پبلک سکیورٹی کے سربراہ کی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ ٹاسک فورس کو جلد فعال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ سعودی عرب کے پبلک سکیورٹی کے شاندار نظام کو دیکھ کر خوشی ہوئی ، اس ضمن میں تعاون کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔ قبل ازیں وزیر داخلہ کی سعودی ہم منصب سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک سعودیہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ،سعودی وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر خالد محمد عبداللہ البتال اور سعود ی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے وزیر داخلہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ وزیر داخلہ نے 2034 کی فیفا کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد دی ۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن 2030 نے ترقی و خوشحالی کی تاریخ رقم کی ، محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا سب سے بااعتماد دوست اسلامی ملک ہے اور ہر پاکستان کو اس دوستی پر ناز ہے ۔