مدارس بل ،حکومت مولانا کو ناراض نہیں کریگی:تھنک ٹینک
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ مدارس بل کے معاملے میں کئی پہلو ہیں، اس میں ہمیں پارلیمنٹ کی کمزوری اور لاپرواہی کا ثبوت ملتا ہے کہ بل پاس ہوا مگرکسی کو اس کا پتا نہیں ،سب نے اس کے حق میں ووٹ دے دیا۔
دنیا نیوز کے پروگرام ‘‘تھنک ٹینک ’’میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ حکومت نے وقت کی ضرورت پوری کرنے کیلئے بل پاس کروالیا اوراپنے لئے لانگ ٹرم مشکلات پیدا کرلیں ، جو مدارس محکمہ تعلیم کے انڈر گئے ہیں ، ان کو حکومت نے سہولیات دی ہیں، مولانا صاحب چاہتے ہیں مدارس کے معاملات میں کسی قسم کا عمل دخل نہ ہو،مدارس این جی اوز کے طور پر رجسٹرڈٖ ہوں ۔دنیا نیوز کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی کا کہنا تھا کہ 17 دسمبر کوقومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ بل ایجنڈے میں موجود نہیں ،17 دسمبر کو علماکرام کا اجلاس بھی ہورہا ہے ، مدارس بل کو مولانا اور ان کی پارٹی نے انا کامسئلہ بنالیا،حکومت بھی مولانا صاحب کو ناراض نہیں کرے گی، معاملہ حل ہوجائے گا۔ تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ حکومت ہرکام میں چالاکی کیوں کرتی ہے ،؟ مولانا صاحب کو دھوکہ دیا گیا،اب حکومت کو چاہئے کہ مولانا صاحب کی مانے ۔ تجزیہ کار ڈاکٹر رسول بخش رئیس کاکہنا تھا کہ مدارس کا معاملہ بہت پیچیدہ ہے ، حکومت اس میں کسی قسم کا عمل دخل نہ رکھے ۔