یونان کشتی حادثہ،ریسکیو آپریشن بند،لاپتہ35پاکستانی مردہ قرار
اسلام آباد،گوجرانوالہ ،لاہور،ایتھنز(نامہ نگار،سٹاف رپورٹر،کورٹ رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) یونانی کوسٹ گارڈز نے کشتی حادثے کے بعد سمندر میں شروع کیاگیا ریسکیو آپریشن ختم کردیا اور کہا ہے کہ لاپتہ افراد کو مردہ تصورکیا جائے۔
ان لاپتہ افراد میں 35پاکستانی بھی شامل ہیں اور اس اعلان کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونیوالے پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق یونان کے جزیرہ کریٹ کے جنوب میں سمندر میں 3کشتیوں کو پیش آنے والے حادثے کے بعد یونانی کوسٹ گارڈ زکا ریسکیوآپریشن گزشتہ روز بند کردیاگیااور باقاعدہ اعلان کیا گیا کہ لاپتہ افراد کو مردہ تصورکیاجائے جو سمندر کی گہرائیوں میں ڈوب گئے ہیں ۔لاپتہ افراد میں 35پاکستانی شامل تھے جبکہ 5افراد کے جاں بحق ہونے کی پہلے ہی تصدیق کی جاچکی ہیں جن کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ لیبیا میں ابھی بھی کم وبیش 5 ہزار پاکستانی موجود ہیں اور یورپ جانے کے خواہشمند یہ افراد مختلف پاکستانی ولیبیا کے ایجنٹوں کے پاس ہیں۔ یہ پاکستانی قانونی طور پر پاکستان سے ویزالیکر لیبیا پہنچے ہیں۔پہلے دن 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی جن میں ایک پاکستانی شہری تھا،گزشتہ روز مزید 4 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی اور 35 لاپتہ تھے جبکہ 47پاکستانیوں کو ریسکیوکرلیاگیاتھا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے یونان میں کشتی الٹنے کے حادثے میں پاکستا نیوں کی اموات اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے انسانی سمگلنگ اور معصوم پاکستانیوں کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجوانے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کاحکم دیتے ہوئے گزشتہ ایک سال میں دنیا بھر میں ایسے تمام واقعات کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی میں سست روی میں ملوث حکام کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی ہے ۔ سینئر سول جج گوجرانوالہ کی عدالت نے انسانی سمگلر افلاطون کا دو مقدمات میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ دیدیا ،یونان کشتی حادثہ پر ایف آئی اے نے افلاطون کو پسرور کے علاقہ مہمند والی سے گرفتار کیا تھا،اس پر محمد بلال سے 19لاکھ 50 ہزار کی رقم اور ایک ہزار امریکی ڈالر لیکر اسے غیر قانونی طریقہ سے باہر بھجوانے کا الزام ہے ۔ایف آئی اے گوجرانوالہ نے ملزم قمرزمان عرف خرم ججہ اور اس کے رشتہ داروں کیخلاف گزشتہ روز دوسرامقدمہ درج کرلیاجبکہ یونان کشتی حادثے پر جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ۔