ترقیاتی فنڈز ہڑپ،وزرا ،ارکان پنجاب اسمبلی کی تنخوا ہوں میں اضافہ قابل مذمت:پیپلز پارٹی
لاہور(سپیشل رپورٹر)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب نے ارکان پنجاب اسمبلی ، وزرا ،سپیکر ، ڈپٹی سپیکر ودیگرحکام کی تنخواہوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا، پارٹی کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی کی تنخواہیں بڑھانے کی مذمت کرتے ہیں۔
تنخواہوں میں اضافہ،پلاٹ اور مراعات واپس لی جائیں ۔وہ پیپلز سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، اسلم گل ودیگرکیساتھ پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔ حسن مرتضیٰ نے کہا حکمران سرمایہ دارانہ نظام پال رہے ہیں، ملک کو طبقاتی جنگ ،کاشتکار کو چھوٹے بڑے میں تقسیم کر دیا ،کاشتکار متحد ہیں، ڈرو اس دن سے جب شہروں میں دودھ،گندم،آلو نہیں جائیگا ۔ ہمارا اصل دشمن وہ ہے جو کھاد بیج،پٹرول مہنگا کراتا ہے ،کاشتکار کو کم سپورٹ پرائس دی جا ر ہی ہے ، ہٹ دھرمی سے کاشتکار کو مافیا کہتے ہو۔کسان اٹھے تو انکی تحریک پی ٹی آئی کی طرح نہیں ہو گی۔پیپلز پارٹی انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ مری میں تجاوزات کے نام پر گھر ، دکانیں گرائی جا رہی ہیں، ترقیاتی فنڈہڑپ کرنے کیلئے معیشت تباہ نہ کریں۔ پر امن جرگوں، درجن بھرقائدین کیخلاف مقدمات کی مذمت کرتے ہیں ،جس نے نقشے پاس کیے اس پر ایف آئی آر دو،مہرین انور راجہ،مرتضیٰ ستی،راجہ خضر،ہمایوں مرتضیٰ ودیگرکونسی مسلح جدوجہد کر رہے ہیں ، وہ مری کے لوگوں کیساتھ ہیں ۔ ہمیں پٹواری نہ ہی ڈی سی لگوانا ہے ، پالیسی میکنگ میں ساتھ رکھنا ہو گا،عوامی مسائل پر زبان بندی قبول نہیں۔ شہزاد سعید چیمہ نے کہا ابھی تک گندم کی امدادی قیمت مقرر نہیں ہوئی، کاشتکار کی خوشحالی تک معاملات درست نہیں ہونگے ، 20دسمبر کو شہداٹرین گڑھی خدا بخش لیکر جا رہے ہیں۔