مذاکرات میں بانی کی رہائی شامل نہیں ہوگی:مشیر وزیر اعظم

مذاکرات میں بانی کی رہائی شامل نہیں ہوگی:مشیر وزیر اعظم

ٹیکسلا ( نیوز ایجنسیاں )وزیر اعظم کے مشیرِ بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی ایجنڈے میں شامل نہیں ہوگی۔

ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا پہلے آپ سول نافرمانی کی کال دیں، پھر کہیں 9 مئی میں ریلیف مل جائے ۔بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ مذاکرات کیلئے پہلے آپ کو ٹی او آرز طے کرنا ہیں، ٹی او آرز اور ایجنڈا طے کرنے کے بعد بات آگے چل سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے کام ہیں، عدالتوں کے فیصلے ہیں عدالتی نظام ہے ، عدالتی سسٹم اپنا راستہ اختیار کرے گا، اگر کوئی سمجھ رہا ہے مذاکرات کی آڑ میں ڈیل یا ڈھیل ملے تو ان کی غلط فہمی ہے ۔ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں کہیں نہیں لکھا کہ آپ کو عام معافی دے دی جائے گی، 9 مئی کے کیسز اپنے منطقی انجام کو پہنچیں گے ۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم پر سول نافرمانی کی بندوق لٹکا کر زدوکوب کرنے کی کوشش کی جائے اور ہمیں کہا جائے کہ مذاکرات کی طرف آئیں تو اس طرح مذاکرات نہیں ہو سکتے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں