برآمدات بڑھائے بغیر پاکستان کے معاشی مسائل حل نہیں ہوسکتے:وزیر خزانہ
اسلام آباد،لاہور (آن لائن)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ برآمدات بڑھائے بغیر پاکستان کے معاشی مسائل حل نہیں ہوسکتے ،بر آمد کنندگان کے مسائل حل کرینگے۔
پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے طورخم بارڈر کے گھمبیر مسائل اور اسٹیٹ بینک کے سرکلر پرتحفظات سے آگاہی کیلئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیرتجارت جام کمال خان سے تفصیلی ملاقات کی ، اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی موجود تھے ۔ پی سی ایم ای اے کے وفد نے وفاقی وزرا ء کو اسٹیٹ بینک کے سرکلر ایف ای 2/2023 کی وجہ ) سے برآمد کنندگان کو درپیش مشکلات پر بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اکثر تکنیکی مسائل پیدا ہونے کی وجہ سے برآمدی رقوم کے حصول میں مقررہ مدت سے زیادہ وقت لگ جاتا ہے جس پر 3سے 9فیصد کا غیر معمولی جرمانہ غیر منطقی ہے ۔اس سرکلر کے ذریعے 30روز پر3فیصد،31سے 60روز کی تاخیر پر 6فیصد جبکہ اس سے اوپر 9فیصد کا جرمانہ رکھا گیا ہے ،مطالبہ ہے اس سرکلر کو فی الفور واپس لیا جائے کیونکہ بھاری جرمانوں سے برآمد کنندگان پر غیر ضروری مالی بوجھ بڑھ رہا ہے ۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ایسی تمام صنعتیں جو پاکستان کے لئے برآمدات کی صورت میں قیمتی زر مبادلہ لانے کا ذریعہ ہیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں ۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے یقین دہانی کرائی کہ پی سی ایم ای اے کے وفد کی جانب سے طورخم بارڈر سمیت دیگر جن مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا گیا انہیں جلد سے جلد حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی تاکہ برآمدات متاثر نہ ہوں ۔