مذاکرات کے وقت ملٹری کورٹس کے فیصلے نامناسب :گوہر
اسلام آباد(دنیا نیوز مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور لیڈر شپ نے 9مئی واقعات کی مذمت کی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سانحہ 9 مئی میں کون ملوث ہے اور وہ کیسے پہنچا ، جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے ، پھر فیئر ٹرائل ہو، جوڈیشل کمیشن سے ہونے والا فیئر ٹرائل سب کو قابل قبول ہوگا،مذاکرات کے وقت ملٹری کورٹس کے فیصلے نامناسب ہیں ۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے پٹیشن فائل کرچکی ہے ، پی ٹی آئی کا اصولی مؤقف رہا ہے کہ سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں نہ ہو۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امید ہے سپریم کورٹ سویلین کے حق میں فیصلہ دے گی، ملٹری کورٹ میں سویلین کا ٹرائل ہم غیر آئینی سمجھتے ہیں، ملٹری ٹرائل صرف اور صرف ان لوگوں کا ہونا چاہیے جو یونیفارم میں یا ریٹائرڈ ہوں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملٹری کورٹ کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں دائر کریں گے ، اپیلیں انفرادی طور پر بھی دائر کی جائیں گی۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایک بار پھر فوجی عدالتوں سے ملزموں کی سزاؤں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج سمیت تمام ادارے ریاست کے ماتحت ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس سے سویلین کو سزائیں نہیں ہونی چاہیے ، آئین میں آرٹیکل 7 موجود ہے جس میں ریاست کی تعریف موجود ہے ، آپ کی پارلیمنٹ، صوبائی اسمبلیاں، آئین اورسینیٹ ریاست ہے جبکہ ملٹری اور باقی ادارے ریاست کے نیچے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملٹری کا ادارہ بطور عدلیہ کام نہیں کرسکتا، سویلین کا ٹرائل سویلین عدالتوں میں ہونا چاہیے ۔