وکلا انصاف کی فراہمی کیلئے چیلنجزکا مقابلہ کریں:چیف جسٹس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس یحیی آفریدی نے کہا عدلیہ کو قانون کی تشریح اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی ذمہ داری دی گئی ہے ، عدلیہ انصاف کی فراہمی میں بار کی معاونت پر انحصار کرتی ہے ۔
چیف جسٹس نے مختلف بار ایسوسی ایشنز سے ملاقات کی، چیف جسٹس نے کہا کہ وکلا برادری انصاف کی بروقت و موثر فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے چیلنجز کا مقابلہ کرے ، نظام انصاف میں وکلا برادری کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں۔وکلا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کیلئے جوڈیشل اکیڈمی تربیت فراہم کرے گی، لا کمیشن انصاف تک رسائی پروگرام کے ذریعے سہولیات کیلئے بار ایسوسی ایشنز کو دس لاکھ تقسیم کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد بار ایسوسی ایشنز کی آپریشنل صلاحیت کو بڑھانا ہے ۔چیف جسٹس نے ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کو ویڈیو لنک سہولت کی فراہمی کی یقین دہانی بھی کرائی۔چیف جسٹس نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔