قیدیوں کے فرار کی انکوائری کرنیوالے نااہل، سپریم کورٹ

قیدیوں کے فرار کی انکوائری کرنیوالے نااہل، سپریم کورٹ

کراچی (سٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے قیدیوں کے فرار کے الزام میں برطرف جیل افسران کی بحالی اور مراعات کی ادائیگی سے متعلق عدالتی احکامات پر دو ماہ میں عملدرآمد کا حکم دیا ہے ۔

دو رکنی بینچ نے سنٹرل جیل کراچی سے کالعدم لشکر جھنگوی کے 2 قیدیوں کے فرار کے معاملے میں سابق ڈی آئی جی جیل خانہ غلام مرتضیٰ، ڈی ایس پی جیل فہیم کی بحالی اور مراعات کی ادائیگی نہ ہونے پر سندھ حکومت، آئی جی جیل خانہ جات و دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا عدالتی احکامات پر کیوں عملدرآمد نہیں کیا گیا؟ قیدیوں کے فرار کی انکوائری کرنے والے نااہل ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ عدالتی احکامات پر کب تک عملدرآمد کریں گے ؟ محکمہ داخلہ سندھ حکام نے کہا کہ چار ماہ کا وقت دیں عملدرآمد کرلیں گے ۔ عدالت نے کہا کہ 4 ماہ نہیں 2 ماہ میں عملدرآمد کریں اور درخواست نمٹا دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں