عوام کی صحت ترجیح ،وسائل کی کمی نہیں ہونے دینگے:مریم نواز

عوام کی صحت ترجیح ،وسائل کی کمی نہیں ہونے دینگے:مریم نواز

لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے کہ عوام کی صحت ترجیح ہے ،وسائل کی کمی نہیں ہونے دیں گے ۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ عوام کو سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ کلینک سے بہتر ماحول دینا چاہتے ہیں۔

ہرہسپتال میں بہتری لانا چاہتے ہیں،ہر مریض کو مفت علاج اورمیڈیسن ملنی چاہئے ۔2024کا سنہرا اختتام ہورہاہے ،مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہیلتھ میں ہمیشہ کی طرح عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کر دئیے ۔ دل کے مریض بچوں کے لئے چیف منسٹرہارٹ سرجری پروگرام کے تحت مفت،علاج اورآپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ پنجاب حکومت کے صحت کے منصوبوں کی حوالے سے جاری نوازشریف کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سرگودھا،کلینک آن ویل، فیلڈہسپتال،چلڈرن ہارٹ سرجری کارڈ اورمیڈیسن ہوم ڈلیوری پراجیکٹس کا آغاز کیا گیا۔ مریم نوازشریف کے ہیلتھ پراجیکٹ مثال بن گئے جبکہ بہت جلد کینسر ہسپتال میں علاج کیلئے چین کا طریقہ علاج نوکیموتھراپی،نوسرجریمتعارف کرایا جائے گا۔

پنجاب ائیر ایمبولینس سروس کا باقاعدہ آغاز کرنے والا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ۔ پنجاب بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی ری ویمپنگ کا میگا پراجیکٹس تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔ وزیراعلیٰ نے روایتی بی ایچ یو کومریم ہیلتھ کلینکمیں بدل دیا۔ ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی پوری کرنے کے ٹارگٹ کو پورا کیا جارہا ہے اور سپیشل پیکیج کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد کے علاقے سمندری میں دھند کے باعث حادثہ میں 6 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے شہریوں کو دھند میں مقرر ہ ٹریفک ایس او پیز فالو کرنے کی تلقین کی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں