مختلف مقامات سے نومولود سمیت 4افراد کی لاشیں برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)داتا دربار، شاہدرہ ، ہلو کی اور ہربنس پورہ کے علاقے سے 4 لاشیں برآمد، ایدھی ترجمان کے مطابق داتا دربار سلام کرنے والا 45 سالہ شخص حرکت قلب بند ہونے سے جاں بحق ہو گیا۔۔۔
متوفی کی شناخت 45 سالہ اکرام شاہ کے نام سے ہوئی اور مانا نوالہ کا رہائشی تھا۔ دوسرے واقعہ میں شاہدرہ کے علاقے بیگم کوٹ کے قریب 35 سالہ شخص فٹ پاتھ کنارے مردہ حالت میں ملا، جبکہ کاہنہ کے علاقے ہلوکی کے علاقے سے 60 سالہ شخص کی لاش برآمد ہوئی ،دونوں متوفیان کی شناخت نہ ہو سکی ،اطلاع ملنے پر متعلقہ پولیس نے لاشیں ایدھی رضاکاروں کی مدد سے مردہ خانے منتقل کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ ہربنس پورہ کے علاقے میں نہر سے نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی ،اطلاع ملنے پر ریسکیوغوطہ خور ٹیم نے نومولود بچے کی لاش نہر سے نکال کر مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردی ۔